• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اس حکومت کو نکال کر جمہوریت بحال کریں گے: زرداری

اپوزیشن کی اے پی سی سے ابتدائی خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ اس حکومت کو نکال کر جمہوریت بحال کر کے رہیں گے، بہروپیوں سے پاکستان بچانا ہے، ہم جیتیں گے، جیتیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی بونے سلیکٹڈ پرائم منسٹر کی سوچ ہے کہ تہتر کا آئین بنانے والوں سے وہ زیادہ ہوشیار ہیں، اس اے پی سی میں ایسا لائحہ عمل دیں کہ جمہوریت مضبوط کر سکیں۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ اے پی سی کے شرکاء کو خوش آمدید کہتا ہوں،میری نظر میں اے پی سی بہت پہلے ہونی چاہیے تھی، اے پی سی کے خلاف حکومت جو ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے یہی ہماری کامیابی ہے۔


انہوں نے کہا کہ حکومت جو ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، یہ ان میں کامیاب نہیں ہو گی، لوگ ہمیں سن رہے ہیں، چاہے کتنی ہی پابندیاں لگائی جائیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ خوشی ہے کہ ہماری بیٹی مریم نواز بھی یہاں ہیں، مریم قوم کی بیٹی ہیں، انہوں نے بہت تکلیفیں برداشت کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم آئین کے گرد دیوار ہے جس سے کوئی آئین کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، اے پی سی کی کامیابی کا سہرا آپ سب کے سر ہے، ہم نے دیکھا انہوں نے کیا تکلیف برداشت کی، ہم سمجھ سکتے ہیں۔


سابق صدر نے کہا کہ سمجھ سکتا ہوں کہ ان درندوں کی وجہ سے کس تکلیف سے وقت گزارا ہوگا، بی بی نے میاں صاحب کے ساتھ میثاقِ جمہوریت پر دستخط کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس اے پی سی کے بعد میں پہلا بندہ ہی جیل میں ہوں گا، نہیں لگتا کہ ان کا جمہوری اداروں کو بچانے کا ارادہ ہے، دوست اس اے پی سی میں ایسا لائحہ عمل مرتب کریں جس سے ہم جمہوریت کو آگے بڑھا سکیں۔

آصف زرداری کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم سارے پاکستان کے ساتھ مل کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں، ہم صرف حکومت گرانے نہیں آئے، ہم نے پاکستان بچانا ہے، ہم جیتیں گے، ہم اس حکومت کو نکال کر جمہوریت بحال کر کے رہیں گے۔

تازہ ترین