بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل نے آج ہونے والی اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اختر مینگل طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے حزبِ اختلاف کی اے پی سی میں شرکت نہیں کریں گے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ سردار اختر مینگل کی جانب سے بی این پی کا وفد اپوزیشن کی اے پی سی میں شرکت کرے گا۔
دوسری جانب بی این پی (مینگل) کے رہنما اسرار اللّٰہ زہری کا کہنا ہے کہ فلائٹ نہ ہونے کی وجہ سے اسلام آباد نہیں پہنچ سکا، تاہم اپوزیشن کے مؤقف کو میری تائید حاصل ہے۔
اس سے قبل جماعتِ اسلامی نے حزبِ اختلاف کی آج ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرنے سے انکار کر دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سینٹیر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اپوزیشن کی اے پی سی میں شریک نہیں ہو گی، اے پی سی کا ایجنڈا ہی کچھ لوگوں کے ذاتی مفادات کے گرد گھومتا ہے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی نے کہا کہ ملک کی تباہی کے ذمے داروں کے ساتھ نہیں بیٹھ سکتے، اپوزیشن بتاتی بھی نہیں کہ اس پر حکومت کا ساتھ دینے کے لیے کیا دباؤ تھا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی غلامی کی دستاویز پر دستخط کرنے سے ملک پر قیامت گزر گئی لیکن پارلیمنٹ کی بڑی جماعتوں نے حکومت کی مرضی پر قانون سازی میں اس کا ساتھ دیا۔
سراج الحق کا یہ بھی کہنا ہے کہ اے پی سی کا ایجنڈا آئین کی بالا دستی اور اسلامی نظام کے نفاذ کی کوئی کوشش ہوتی تو جماعتِ اسلامی صفِ اوّل میں ہوتی۔