• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیٹ ٹرک کے بعد شاہین آفریدی کا پہلا پیغام


قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ہیٹ ٹرک کرنے کے بعد جاری اپنے پیغام میں اس اعزاز کو والدین کی دعاؤں کا نتیجہ قرار دیا۔

شاہین شاہ آفریدی نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں اللّٰہ تبارک تعالیٰ کی تعریف بیان کی اور کہا کہ ہیٹ ٹرک والدین کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔

20 سالہ نوجوان کھلاڑی نے اپنے ٹوئٹ میں ہیمپشائر کاؤنٹی کرکٹ کلب کا مواقع فراہم کرنے اور غیر مشروط مدد کا شکریہ ادا کیا۔

اپنے پیغام کے آخر میں انہوں نے دنیا بھر میں موجود اپنے مداحوں کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز شاہین شاہ آفریدی نے وائٹلٹی بلاسٹ میں ہمپشائر کی نمائندگی کرتے ہوئے لگاتار 4 اور مجموعی 6 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

پاکستانی پیسر نے ہمشائر کی جانب سے کھیلتے ہوئے اپنے اسپیل کے آخری اور مجموعی طور پر ٹیم کے 18ویں اوور میں حریف ٹیم مڈل سیکس ٹیم کے پرخچے اڑادیے۔

ہمشائر نے پہلے کھیلتے ہوئے حریف مڈل سیکس کو 142 رنز کا ہدف دیا۔

جواب میں حریف ٹیم کے لیے ہدف آسان دکھائی دے رہا تھا لیکن اپنے اسپیل کے آخری اوور میں شاہین آفریدی نے مسلسل چارگیندوں کے وقفے کے دوران یہ خواب چکنا چور کردیا۔

شاہین آفریدی نے جان سمپسن، اسٹیون فن، تھلن ولالاویتا اور ٹم مرتف کو آؤٹ کرکے اپنی ڈبل ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

شاہین شاہ آفریدی نے میچ میں مجموعی طور پر 6 وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کو 20 رنز سے کامیابی دلوائی۔

شاہین آفریدی نے آخری 4 وکٹیں 4 مسلسل گیندوں پر حاصل کیں اور نہ صرف اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی بلکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 4 گیندوں پر 4 وکٹیں حاصل کرنے کا منفرد کارنامہ انجام دینے والے پہلے پاکستانی اور مجموعی طور پر ساتویں کھلاڑی بن گئے۔

شاہین آفریدی کی ان چار وکٹوں سے متعلق دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے تمام کھلاڑیوں کو کلین بولڈ کیا۔

ٹی ٹوئنٹی میں اس سے قبل افغانستان کے راشد خان اور سری لنکا کے لیستھ ملنگا انٹرنیشنل مقابلوں میں جبکہ ویسٹ انڈیز کے آندرے رسل نے انڈیا اے کے خلاف، بنگلادیش کے الامین حسین، انڈیا کے ابھی مانیو متھی اور جیمز الینبی نے مختلف ڈومیسٹک مقابلوں میں یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔

پاکستان کے عامر یامین ٹی 10کرکٹ میں 4گیندوں پر 4 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جبکہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں پاکستان کے علی گوہر، فضل اکبر، کامران حسین، خالد عثمان، تابش خان اور تاج ولی بھی چار گیندوں پر 4 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے گلیمورگن کی نمائندگی کرتے ہوئے ناقابل شکست 114 رنز کی میچ وننگ اننگ کھیلی تھی، بابر اعظم کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

تازہ ترین