اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے اگلے 2 ماہ کے لیے شرح سود 7 فیصد کی سطح پر برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔
ایس بی پی نے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا اور کہا کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی نے معاشی جائزے کے بعد شرح سود برقرار رکھنے کے حوالے سے فیصلہ کیا ہے۔
مرکزی بینک کے اعلامیے کے مطابق کورونا وبا کے بعد شرح سود میں 6 اعشاریہ 25 فیصد کمی کی جاچکی ہے۔
ایس بی پی اعلامیے کے مطابق اس دوران ملک میں اوسط مہنگائی کی شرح 7 سے 9 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔
اس حوالے سے گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا کہ مہنگائی میں تھوڑا اضافہ ہوا ہے لیکن یہ انتظامی مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ برآمدات، ترسیلات اور پیداوار کا شعبہ بہتر کارکردگی دکھارہا ہے، ملک کے معاشی حالات بہتر ہوئے ہیں، جون کے مقابلے میں اب حالات بہت بہتر ہیں۔
رضا باقر نے مزید کہا کہ کورونا کے اثرات سے بچاؤ کے لیے احساس پروگرام سمیت مختلف اقدامات کیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے کام کیا ہے، مختلف طریقوں سے 1 ہزار 580 ارب کی رقم معیشت میں شامل کی گئی۔
گورنر ایس بی پی نے یہ بھی کہا کہ احساس پروگرام، فصلوں کے لیے اور ٹیکس ری فنڈز میں آسانی دی گئی، بینکوں کو قرض ری شیڈول کرنے کی ترغیب دی۔