• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رابرٹ پیٹنسن کی کورونا سے صحتیابی کے بعد فلم بیٹ مین کی شوٹنگ شروع

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)ہولی وڈ کی فلم ’ٹوائی لائٹ‘ سے شہرت پانے والے برطانوی اداکاررابرٹ پیٹنسن عالمی وبا کورونا وائرس کا شکارہونےکے بعد صحت یاب ہوگئے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز اور شدت میں کمی کے بعد ریلیز ہونے والی فلم ’ ٹینیٹ ‘ کے اداکار رابرٹ پٹینسن اس ماہ کے آغاز میں کورونا وائرس سے متاثرہوگئےتھے۔ رابرٹ پیٹنسن کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آ جانے کے بعد فلم ’بیٹ مین‘ کی شوٹنگ روک دی گئی تھی جس کا اب باقاعدہ دوبارہ سے آغاز کر دیا گیا ہے ۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھاری بھرکم بجٹ والی مشہور ترین سیریز ’بیٹ مین‘ بنانے والی پروڈکشن ٹیم کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ فلم بیٹ مین میں مرکزی کردار اداکر نے والے اداکار رابرٹ پیٹنسن کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آ گیا ہے اور اب وہ بالکل صحت یاب ہیں۔ پروڈکشن ٹیم نے اپنے جاری کردہ بیان میں مزید کہا ہے کہ رابرٹ کی کورونا سے صحت یابی کے بعد فلم کی شوٹنگ شروع کر دی گئی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل رواں ماہ کے اوائل میں فلم بیٹ مین کے اسٹوڈیو وارنر بروز کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا تھا جس میں بغیر کسی نام کی تصدیق کیے کہا گیا ہے کہ فلم بیٹ مین کا ایک ممبر کورونا وائرس کا شکار ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں شوٹنگ منسوخ کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔

تازہ ترین