• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈین جونز اپنی ’ریڈ بُک‘ میں کیا لکھتے تھے؟َ

گزشتہ روز ممبئی میں دنیا سے رخصت ہونے والے عالمی شہرت یافتہ آسٹریلین کرکٹر ڈین جونز اپنے ساتھ ہمیشہ ایک سُرخ رجسٹر رکھتے تھے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ہو یا کوئی اور کرکٹ ایونٹ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ ڈین جونز کا ہر وقت اپنے ساتھ ایک مخصوص سرخ رجسٹر  رکھنے کے عمل نے کافی تجسس پیدا کر رکھا تھا۔

ڈین جونز ’ریڈ بک‘ کو ناصرف ہر وقت اپنے ساتھ رکھتے تھے بلکہ اگر کوئی ان کی کتاب کو چھونا چاہے تو ڈین جونز کو یہ ناگوار گزرتا تھا۔

کمنٹیٹرز سے لے کر شائقین کرکٹ اسی کھوج میں لگے رہتے تھے کہ ڈین جونز کے اس سرخ رجسٹر میں آخر ایسے کونسے راز پوشیدہ ہیں۔

ڈین جونز اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچز کے دوران اننگز بریک آنے پر اپنی ’ریڈ بُک‘ کھول کر کھلاڑیوں کو ہدایت دیتے تھے۔

سابق آسٹریلین کرکٹر ڈین جونز انتقال کر گئے


پی ایس ایل سیزن 3 کے دوران اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے ڈین جونز کی مشہور سرخ کتاب کے راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا تھا کہ ڈین جونز کھلاڑیوں اور میچز سے متعلق مختلف اعداد و شمار اور چھوٹی موٹی باتیں اس سرخ رجسٹر میں درج کرتے رہتے ہیں۔

مصباح الحق نے یہ بھی بتایا تھا کہ اس کتاب میں درج اپنے اعداد و شمار کی تفصیلات کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈین جونز ہر میچ سے قبل  مخالف ٹیم کیخلاف بھرپور تیاری اور اچھا لائحہ عمل طے کرتے تھے۔

مصباح نے کہا تھا کہ ’ڈین جونز کی سرخ کاپی وہ بیرونی امداد ہے جو انہیں یہ بتاتی ہے کہ کس بیٹسمین کے لیے کون سا باؤلر بہتر رہے گا۔‘

پی ایس ایل سیزن 5 میں کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ کے فرائض سر انجام دینے والے ڈین جونز نے اپنی پُراسرار ’ریڈ بُک‘ کا رنگ تبدیل کر کے نیلا کردیا تھا۔

کراچی کنگز میں شمولیت کے بعد ڈین جونز نے اپنے ایک ٹوئٹ میں ’بلیو بُک‘ ملنے پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔

کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے بتایا تھا کہ ڈین جونز کی سب سے بڑی خاصیت اس کی کتاب ہوتی ہے، ہم نے اسے کھول کر سمجھنے کی بڑی کوشش کی لیکن نمبرز کے علاوہ کچھ سمجھ نہیں آیا۔

خیال رہے کہ انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) کے سلسلے میں اسٹار انڈیا کے لیے کمنٹیٹر کی حیثیت سے فرائض انجام دینے والے سابق آسٹریلین کرکٹر کو گزشتہ دوپہر دل کا دورہ پڑا جس سے وہ انتقال کر گئے۔

کرکٹ اسٹار کے یوں اچانک سے دنیا سے رخصت ہونے پر دنیائے کرکٹ افسردہ ہے۔

تازہ ترین