• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بوری بند بچے کی لاش، بدفعلی کا امکان ہے: پولیس


نیو کراچی کی شفیق کالونی میں بوری سے برآمد ہونے والی 8 سالہ بچے حارث کی لاش کا عباسی شہید اسپتال میں پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی پوسٹ مارٹم کے مطابق ممکنہ طور پر حارث کے ساتھ بدفعلی کی گئی ہو، تاہم بچے کے ساتھ زیادتی ہوئی یا نہیں اس بات کی تصدیق کیمیکل رپورٹ آنے کے بعد کی جائے گی۔

بچے کے جسم پر تشدد کے نشانات نہیں ملے ہیں، موت کی وجہ کی تصدیق بھی کیمیکل رپورٹ آنے کے بعد ہو گی، پوسٹ مارٹم رپورٹ کو محفوظ کر لیا گیا ہے۔

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ بچے کی ہلاکت کے مقدمے میں گرفتار ملزم سمیع اللّٰہ کو نامزد کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ نیو کراچی کی شفیق کالونی میں ایک شخص کے قبضے سے 8 سالہ بچے حارث کی بوری بند لاش برآمد ہوئی ہے۔

مشکوک شخص بوری لے کر جا رہا تھا کہ علاقہ مکینوں نے اسے روک کر چیک کیا، بوری سے بچے کی لاش نکلی تو ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا گیا، ملزم بچے کا سابق پڑوسی ہے، بچہ گزشتہ شام سے لاپتہ تھا۔

مشتبہ شخص کو علاقہ مکینوں نے گھیرے میں لیا ہوا تھا کہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو تھانے منتقل کیا اور بچے کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی۔

گرفتار ملزم کی شناخت سمیع اللّٰہ کے نام سے ہوئی ہے جس سے تفتیش کی جا رہی ہے۔


مقتول بچے حارث کے چچا وسیم نے بتایا کہ بچہ گزشتہ شام سے لاپتہ تھا، ملزم سمیع اللّٰہ مقتول کا پڑوسی رہ چکا ہے، ملزم کی اس سے پہلے بھی شکایات آ چکی ہیں۔

ملزم لاش پھینکنے جا رہا تھا تو علاقہ مکینوں نے تلاشی لی جس سے وہ پکڑا گیا۔

بچے کی موت کا سبب جاننے کے لیے ڈی این اے اور کیمیکل ایگزامینیشن کے سیمپل لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں۔

تازہ ترین