• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمر ایوب چھٹی کے دن کام نہیں کرتے تصویر بناتے ہیں، مرتضیٰ وہاب


ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے انکشاف کیا ہے کہ وفاقی وزیر عمر ایوب چھٹی کے دن کام نہیں کرتے تصویر بناتے ہیں۔

کراچی میں صحافیوں سے گفتگو میں مرتضیٰ وہاب نےکہا کہ وفاق صوبہ سندھ کی صنعتوں اور گیس پر ڈاکا ڈال رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1100 ارب کے کراچی پیکیج پر سب کچھ ہم سے نہ پوچھیں، ہمارے وعدے ہم سے اور وفاق کے وعدے وفاق سے پوچھیں۔

ترجمان سندھ حکومت نے مزید کہا کہ کراچی کو اس کے حصے کی گیس، بجلی اور پانی تک نہیں مل رہا، شہر میں گیس ناپید ہو چکی ہے، کے۔الیکٹرک کو ریگولیٹ کرنا وفاقی حکومت کی ذمے داری ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے بلدیاتی نظام کو چلنے دیا، مسئلہ اختیارات کا نہیں نیت کا ہے، ایم کیو ایم میئر کی نیت ہی نہیں تھی کہ وہ کراچی کو ٹھیک کرتے۔

مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ وفاق کو کراچی میں گیس کا مسئلہ حل کرنا چاہیے، گندم پر مصنوعی بحران وفاق پیدا کر رہا ہے، وزیراعظم کو گندم بحران کے حقائق کا علم ہی نہیں، انہیں مس گائیڈ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نااہل ہے، ان کے پاس مسائل حل کرنے کی صلاحیت ہی نہیں، ان کی وجہ سے پنجاب میں گندم کا اور کراچی و سندھ میں گیس کا بحران پیدا ہوا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت نے بتایا کہ سیاست کا مقصد لوگوں کی خدمت کرنا ہے، لیکن کچھ لوگ سندھ کی تقسیم کی بات کر رہے ہیں، ایسی باتیں کرنے والے لوگوں کی خدمت نہیں کر رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ ذاتی مصروفیت کی وجہ سے چھٹی پر گئے ہیں، دوسری طرف عثمان بزدار نے گریڈ 20 کے سی سی پی او کے لیے گریڈ 22 کا آئی جی قربان کیا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پبلک سیفٹی کمیشن کے 12 ارکان میں سے اپوزیشن کے 4 ارکان تنقید کر رہے ہیں جبکہ سندھ حکومت نے اس کمیشن کو مکمل طور پر فعال رکھا ہوا ہے۔

تازہ ترین