• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل فرنچائزز کی درخواست پر پی سی بی کو نوٹس جاری



لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان سپر لیگ فرنچائزز کی درخواست پر پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔ عدالت نے تاحکم ثانی فرنچائزر مالکان کے خلاف تادیبی کارروائی روک دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے پی ایس ایل فرنچائزرز کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست میں پی ایس ایل کے لیے مالی ڈھانچے کی تشکیل کو چیلنج کیا گیا ہے، درخواست میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ پی سی بی کے اس اقدام سے فرنچائزرز کو مالی نقصان ہو گا۔

درخواست میں کہا گیا کہ پی سی بی پی ایس ایل کا ناصرف آرگنائزر ہے بلکہ برابری کے بنیاد پر شفاف طریقہ سے کام کرنے کا پابند ہے۔ پی سی بی کے یکطرفہ فیصلوں سے پی ایس ایل کا چھٹا سیزن کینسل ہو سکتا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پی سی بی فرنچائزرز کا موقف سن کر ان کے تحفظات دور کرے۔ پی سی پی کو حکم دیا جائے کہ پی ایس ایل کے مالی ڈھانچے پر نظر ثانی کرے۔

پی سی بی ترجمان کے مطابق پی سی بی کے وکیل تفضل رضوی نے عدالت کو بتایا کہ فرنچائزز کو نیک نیتی سے فنانشل ماڈل پر شکایات کے ازالے کی دعوت دی، معاہدے کے مطابق پی سی بی اور فرنچائزز کے درمیان معاملہ حل کرنے کا فورم آربیٹریشن کا آغاز ہے۔

ترجمان کے مطابق پی سی بی نے موقف اختیار کیا کہ فرنچائزز کی جانب سے دائر پٹیشن مسترد کی جانی چاہئے۔ اپنا تحریری بیان 30 ستمبر کو عدالت میں جمع کرائیں گے، پی سی بی معاملے کا قابل عمل حل چاہتا ہے مگر فرنچائزز کے عدالت سے رجوع کرنے پر حیرانی ہوئی۔

درخواست پر مزید کارروائی 30 ستمبر کو ہو گی۔

تازہ ترین