کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن صرف احتساب روکنےکےایجنڈاپرساتھ بیٹھناچاہتی ہے۔
عمران خان نے پہلے دن شہباز شریف سے ہاتھ ملایا اور ساتھ بیٹھنے کی خواہش ظاہر کی،میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ CCPOلاہوراپنے رویئے کی وجہ سےمسلسل تنقید کی زدمیں ہیں،وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف دباؤ بڑھا کر فوج اور حکومت کے تعلقات خراب کرنا چاہتے ہیں، وزیراعظم عمران خان پر فوج کو پورا اعتماد ہے اس لئے سازشیں کامیاب نہیں ہوسکیں گی، یہ بات غلط ہے کہ وزیراعظم اپوزیشن کے ساتھ نہیں بیٹھنا چاہتے۔
وزیراعظم سوفیصد اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنا چاہتے ہیں، اپوزیشن صرف احتساب روکنے کے ایجنڈے پر ساتھ بیٹھنا چاہتی ہے اس پر وزیراعظم نہیں مانیں گے، عمران خان نے اس کے علاوہ ہر معاملہ پر اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنے کی بات کی ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو جب وہاں سے بلاوا آتا ہے تو جوتے چھوڑ کر بھاگ کر جاتے ہیں، وزیراعظم یا حکومت بات کرنا چاہے تو اپوزیشن سو شرطیں رکھ دیتی ہے، اپوزیشن کو اپنے کیسز عدالتوں میں لڑنا پڑیں گے وزیراعظم سے مطالبہ چھوڑ دیں، اپوزیشن چیزوں کو نیب قانون میں اپنی مرضی کی ترامیم سے جوڑتی ہے تب مسئلہ پیدا ہوتا ہے، عمران خان نے پہلے دن شہباز شریف سے ہاتھ ملایا اور ساتھ بیٹھنے کی خواہش ظاہر کی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ نیب نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کیخلاف بھی کیس بنائے ہم نے انتہائی بیانیہ نہیں اپنایا، نیب سے امیدیں پوری نہ ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ احتساب کا عمل روک دیا جائے، خیبرپختونخوا احتساب کمیشن کی ناکامی کی وجہ چیئرمین اور ممبران کی لڑائی تھی، اس بات پر بھی لڑائی ہوئی کہ چیئرمین نے کہا کہ میرے آفس کے علاوہ کسی کے آفس میں ایئرکنڈیشنڈ نہیں ہوگا، فوج پر تنقید کرنا پاکستان میں ایک طبقہ کیلئے فیشن ایبل ہے، حکومت کی کارکردگی میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔
ایوی ایشن امور کے ماہر تحقیقاتی صحافی طاہر عمران میاں نے کہا کہ سول ایوی ایشن کا ایئر لائنز کو لکھا گیا خط پڑھ کر سمجھ نہیں آتا کہ نااہلیت اور غیرپروفیشنل رویہ کا اس سے زیادہ بھی کوئی مظاہرہ ہوسکتا ہے، سول ایوی ایشن کے لائسنسنگ انچارج کا یہ خط لکھنا ایسا ہی ہے کہ پیمرا خط لکھے کہ ٹی وی چینلز نے ہمیں صحیح ڈیٹا نہیں بھیجا۔
یہ صاحب کہتے ہیں کہ ایئر لائنز یا آپریٹرز نے سول ایوی ایشن کو پائلٹس کا صحیح ڈیٹا فراہم نہیں کیا حالانکہ ایئرلائنز ہر مہینے سول ایوی ایشن کو ڈیٹا فراہم کرنے کی پابند ہیں، یہ شاید بھول گئے ہیں کہ لائسنس ایئرلائنز نہیں سول ایوی ایشن جاری کرتی ہے، یہ اپنے گناہ کو آپریٹرز کے سرپر ڈال رہے ہیں جن کا لائسنسنگ سے کچھ لینا دینا نہیں ہے، یہ خط نہ صرف اپنے جرائم بلکہ پاکستان کی سول ایوی ایشن ، ایئر لائنز اور پائلٹس کے ساتھ کیے گئے بڑے جرم کا بھی اعتراف ہے۔
سول ایوی ایشن اگر پائلٹوں کے نام کی اسپیلنگ تک چیک نہیں کرسکتا تو کس چیز کے پیسے لے رہا ہے۔ میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے سالانہ خطاب کیا ہے، انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا، کشمیر پر ہونے والے مظالم پر بات کی اور مطالبہ کیا کہ عالمی برادری کو کشمیر میں ہونے والے مظالم کی تحقیقات کرنی چاہئے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت نے کوئی بھی مس ایڈونچر کیا تو آخری حد تک لڑیں گے، انہوں نے بھارت میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر بھی آواز اٹھاتے ہوئے نریندر مودی کو آر ایس ایس کا فاشسٹ رجیم قرار دیا، وزیراعظم نے افغانستان اور فلسطین کے حل کے حوالے سے بھی بات کی۔
شاہزیب خانزادہ نے بتایا کہ جمعے کو وزیراعظم نے مختلف ٹی وی چینلز کے ڈائریکٹر نیوز سے بھی ملاقات کی، وزیراعظم نے اس ملاقات میں کہا کہ مجھے اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں ہے، اپوزیشن کا ایجنڈا ہے کہ میری حکومت اور فوج کو لڑوادیا جائے۔
نواز شریف مایوس ہوچکا ہے اس کی پالیسی ہے نہ کھیلیں گے نہ کھیلنے دیں گے، اپوزیشن کو تکلیف ہے کہ فوج صرف میری پالیسی پر چلتی ہے چاہے افغانستان سے متعلق ہو یا ہندوستان سے متعلق ہو۔