• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے ہر تعاون کو ٹھوکر ماری، شہباز شریف


لاہور( این این آئی )مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخابی اصلاحات کے لیے بلائے گئے اجلاس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان حساس قومی معاملہ اور کشمیر کاز سے جڑا ہے، موجودہ حکومت اسے اپنی سیاست کی بھینٹ نہ چڑھائے‘ حکومت نے قومی مفاد میں اپوزیشن کے ہر تعاون کو ٹھوکر ماری اور اپنی سیاسی ڈرامہ بازی کے لیے استعمال کیا۔

اتوارکو اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں شفاف اور آزادانہ انتخابات کے عمل میں رکاوٹ نہ بنے ، حکومت کے فسطائی اور آمرانہ رویے کو دیکھتے ہوئے کسی قسم کا تعاون نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اسپیکر قومی اسمبلی کو کوئی اختیار نہیں کہ وہ گلگت بلتستان کے انتخابی امور میں مداخلت کریں۔

اے پی سی کے نمائندہ اجلاس میں منظور کردہ قرارداد اور فیصلوں کی پاسداری کریں گے ۔دریں اثناءمسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کے استعفوںپر صرف بڑھک لگا رہی ہے ، اگر اپوزیشن نے استعفے دیئے تو وزیر اعظم کا بھی نیا الیکشن ہوگا‘ جس نے بھی تین مارشل لاء کے بعد چوتھے مارشل لا ء کا سوچا تو وہ ملک کا دشمن ہوگا، بچا کھچا پاکستان چوتھے مارشل لا ء کا متحمل نہیں ہو سکتا ، جب اپوزیشن استعفے دے گی تو وزیر اعظم نہیں بلکہ الیکشن کمیشن انتخابات کروائے گی۔ 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ محمد زبیر کی آرمی چیف سے ملاقات ذاتی تھی‘اب کوئی قیادت کو بتائے بغیر عسکری قیادت سے ملاقات نہیں کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ لوٹوں کو قبول کرنا عوام کے سیاسی شعور کی توہین ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ اے پی سی میں فیصلہ نہیں ہوا لیکن ہر الیکشن میں وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کو پارٹی میں نہ لیاجائے،الیکشن کے سیاسی موسمی پرندوں کی حوصلہ شکنی کرنی ہوگی۔

تازہ ترین