• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم لیگ ق سپین کے زیر اہتمام چوہدری ظہور الٰہی شہید کی برسی منائی گئی

بارسلونا(شفقت علی رضا) پاکستان مسلم لیگ قاف سپین کے زیر اہتمام مسجد فیضان مدینہ بادالونا میں چوہدری ظہور الٰہی شہید کی انتالیسویں برسی انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی، برسی پر محفل قرآن خوانی اور ختم شریف پڑھا گیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے دعائیں کی گئیں، تلاوت کلام پاک اور نعتیہ اشعار کی سعادت قدیر احمد خاں نے حاصل کی۔ قرآن خوانی کی اس محفل میں مسلم لیگ ن سپین کے صدر حاجی اسد حسین، تحریک انصاف سپین کے صدر شہزاد بھٹی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔پاکستان مسلم لیگ قاف سپین کے کوارڈینیٹر حاجی نوید وڑائچ، سیکرٹری انفارمیشن چوہدری صفدر اقبال وڑائچ، سماجی کارکن چوہدری اشفاق باغانوالہ، نسیم اکرم وڑائچ، خلیل گجر، طاہر رفیع، راجو الیگزینڈر، واصف نزیر بجاڑ، عدنان دھوتھڑ، چوہدری ارشد بوگا اور دوسرے احباب نے برسی کے انتظامات میں مسلم لیگ قاف سپین کے کوارڈینیٹر کا ہاتھ بٹایا اور کہا کہ سیاسی اعتبار سے چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویز الہی اور اُن کا خاندان کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں۔شرکا کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے سیاسی نظریات کسی بھی پارٹی کے ساتھ رکھتے ہوئے ایسے موقع پر ایک ہو جانا چاہیئے کیونکہ چوہدری برادران کی سیاست ایک دوسرے کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کا درس دیتی ہے اور ویسے بھی دیار غیر میں ہمیں اتفاق و اتحاد سے رہنا چاہیئے۔اس موقع پر سابق وزیر تعلیم میاں عمران مسعود، ایم این اے حسین الٰہی اور سابق ضلعی ناظم گجرات چوہدری شفاعت حسین نے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے سپین میں مقیم تمام پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے مشکور ہیں کہ اتنی دور رہتے ہوئے بھی آپ نے ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے اُن کے حق میں دعاکی اور قرآن خوانی کی محفل کا اہتمام کیا۔
تازہ ترین