اسلام آباد کی احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی، سابق صدر سمیت دیگر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے احتساب عدالت اسلام آباد میں پارک لین، منی لانڈرنگ اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی کیس کی سماعت کی۔
ریفرنس کی سماعت کے موقع پر آصف علی زرداری، فریال تالپور اور عبدالغنی مجید سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئےجبکہ انورمجید پر ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کی گئی۔
عدالت میں گرفتار ملزمان حسین لوائی اور طحہ رضا کے وکلاء کو چارج شیٹ کی کاپی دی گئی،جبکہ فریال تالپور کو فرد جرم عائد ہونے کے بعد جانے کی اجازت دیدی گئی۔
اس سے قبل سابق صدر کی جانب سے جعلی اکاؤنٹس کیسز کا ٹرائل اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا اور میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز میں بھی فوری ٹرائل روکنے اور بریت کی استدعا کی ہے۔
سابق صدر زرداری نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیسز نیب کا دائرہ اختیار نہیں، ریفرنس خارج کیا جائے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیسوں اور 3 کرپشن ریفرنسز میں آصف زرداری کی درخواستیں خارج کر کے فرد جرم عائد کرنے کا حکم دیا تھا۔
احتساب عدالت کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کو جعلی اکاؤنٹس ریفرنسز میں بری نہیں کیا جاسکتا۔