• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایون فیلڈ فلیٹس کے سامنے نقاب پوش افراد کا مظاہرہ

لندن(مرتضیٰ علی شاہ) کم وبیش2درجن نقاب پوش افراد کے ایک گروپ نے اتوار کی سہہ پہر ایون فیلڈ فلیٹس کے سامنے مظاہرہ کیا اور گونواز گو کے نعرے لگائے تاہم پولیس کے جائے وقوعہ پر پہنچتے ہی مظاہرین واپس چلے گئے، تمام مظاہرین برطانیہ میں پیدا ہونے والے لوگ تھے اور ان میں پاکستان تحریک انصاف کا کوئی فرد شامل نہیں تھا، پی ٹی آئی یوکے کے ایک رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی کا اس مظاہرے سے کوئی تعلق نہیں تھا ۔ذرائع کے مطابق مظاہرین لوٹن اوربرمنگھم سے آئے تھے ۔خیال کیاجاتا ہے کہ ایک کشمیری رہنما نے ایک وفاقی وزیر کی درخواست پراس مظاہرے کااہتمام کیا تھا۔ تمام مظاہرین نے اپنی شناخت چھپانے کیلئے نقاب لگائے ہوئے تھے، مظاہرین اپارٹمنٹ کے دوسری جانب کم وبیش15 منٹ تک مظاہرہ کرتے رہے انھوں نے مظاہرے کی فلم بنائی اور پھر وہاں سے چلے گئے ،پولیس کاکہناہے کہ 6 افراد سے زیادہ کے اجتماع کی اجازت نہیں ہے، پولیس نے تصدیق کی ہے اس مظاہرے کیلئے کسی کو کوئی اجازت نہیں دی گئی تھی اور کسی نے اجازت طلب بھی نہیں کی تھی۔3 روز قبل2 افراد، ایک ٹیکسی ڈرائیور اوراس کے دوست نے پارک لین کے قریب حسن نواز کے دفتر میں گھسنے کی کوشش کی تھی لیکن پی ایم ایل این کے ورکرز انھیں عمارت میں داخل ہونے سے روک دیاتھا، ان کی فلم بنا کر تفصیلات پولیس کے حوالے کردی گئی تھیں، شریف فیملی کے ارکان نے اس واقعے پر تبصرے کیلئے کوئی جواب نہیں دیا۔

تازہ ترین