• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں نے کبھی اپنے گانے نہیں سُنے، لتا منگیشکر

بھارت کی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے کبھی اپنے گانے نہیں سُنے کیونکہ اگر اُنہوں نے ایسا کیا تو اُنہیں اپنی ہی گلوکاری میں بےتحاشہ غلطیاں نظر آئیں گی۔

بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے لتا منگیشکر نے اپنی گلوکاری کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’وہ کبھی اپنے گانے نہیں سُنتیں کیونکہ اُنہیں ایسا لگتا ہے کہ اگر وہ اپنے گانے سُنیں گی تو خود ہی اپنی گلوکاری میں بہت سی غلطیاں نکال لیں گی۔‘

لتا منگیشکر نے ماضی کا ایک قصہ یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ’ایک مرتبہ اُنہوں نے اپنا ہی گانا ریکارڈ کرواتے وقت اپنا گانا سُن لیا تھا اور پھر اُنہیں اس گانے میں بہت سی غلطیاں نظر آنے لگی تھیں، اُس واقعے کے بعد اُنہوں نے کبھی خود کی گلوکاری نہیں سُنی۔‘

اُنہوں نے اپنے انٹرویو میں ماضی اور حال کے گلوکاروں سے متعلق کہا کہ ’اُنہیں لگتا ہے کہ کچھ گلوکار ایسے بھی ہیں جو اُن سے اچھی گلوکاری کرتے ہیں اور ماضی میں بھی کرتے رہے ہیں۔‘

لتا منگیشکر نے میڈم نور جہاں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’نور جہاں جی ایک باصلاحیت گلوکارہ تھیں جنہوں نے اپنی آواز اور ہُنر سے کروڑوں دِلوں پر راج کیا۔‘

میڈم نور جہاں کے علاوہ بھی لتا منگیشکر نے دیگر گلوکاراؤں کی سُریلی آواز کی تعریف کی جن میں شمشا د بیگم، گیتا دت، آشا بھوسلے، الکا یاگنک، شریا گھوشال اور سنیدھی چوہان شامل ہیں۔

اُنہوں نے اپنی کامیابی کے حوالے سے کہا کہ ’اُنہیں یقین نہیں آتا کہ گزشتہ 75 برس سے گائیکی کے پُرستار اُنہیں سُن رہے ہیں اور پسند کر رہے ہیں۔‘ 

اُن کا کہنا تھا کہ ’یہ صرف اُن کے مداحوں کی محبت کا نتیجہ ہے، اگر آج وہ کامیاب ہیں تو اس کی وجہ صرف اُن کے مداح ہیں۔‘

بھارتی گلوکارہ نےمزید کہا کہ ’اُنہوں نے بہت سے ایسے گلوکاروں کو زوال کی طرف جاتے دیکھا ہے جن میں غرور اور تکبر تھا۔‘

واضح رہے کہ 28 ستمبر 1929 کو پیدا ہونے والی لیجنڈری گلوکار لتا منگیشکر نے گزشتہ روز اپنی 91ویں سالگرہ منائی ہے، یہ بھارت کی وہ گلوکارہ ہیں جنہوں نے گزشتہ سات دہائیوں سے اپنے چاہنے والوں کواپنی آواز کے سحر میں جکڑ رکھا ہے۔

تازہ ترین