• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جوزپ بوریل اور فیصل بن فرحان السعود کی ملاقات

برسلز ( حافظ انیب راشد ) یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل اور سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود کے درمیان دارالحکومت برسلز میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں یورپین یونین اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات ، سعودی عرب کی سربراہی میں G20 کے پلیٹ فارم سے مشترکہ اقدامات، علاقے میں ہونے والی پیش رفت سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔ اس کے علاوہ کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال اور اس کیلئے گذشتہ مئی میں منعقد ہونے والی کانفرنس اور اس میں کئے گئے وعدوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ یورپین خارجہ امور کے سربراہ نے اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ سے یمن میں اقوام متحدہ کے نمائندے کی سفارشات پر گفتگو کرتے ہوئے فریقین سے مطالبہ کیا کہ وہ اس المناک تنازع کو ختم کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں ۔ اس کے ساتھ ہی جوزپ بوریل نے خلیج میں عدم استحکام پر گفتگو کرتے ہوئے علاقائی سیاسی حل کے لئے مکالمے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ ملاقات میں مشرقی بحیرہ روم، لبنان، لیبیا، عراق، ساحل، سوڈان میں اقتدار منتقلی اور افریقہ کی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔
تازہ ترین