• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری PDM کا حصہ‘ دلی احترام کرتا ہوں‘ نواز شریف

زرداری PDM کا حصہ‘ دلی احترام کرتا ہوں‘ نواز شریف 


کراچی (ایجنسیاں‘جنگ نیوز)مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنماءخواجہ آصف نے کہا ہے کہ مجھے آج بھی آصف علی زرداری پر تحفظات ہیں‘ ان کے بارے میں میری رائے تبدیل نہیں ہوئی جبکہ خواجہ آصف کے ریمارکس پر مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ دل پر ایسی باتیں لگی ہیں، جب دل زخمی ہو تو ایسی باتیں تکلیف دیتی ہیں۔ خواجہ آصف کے بیان پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی کی بالکل یہ پالیسی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آصف زداری کے لیے دل میں بڑا احترام ہے، وہ پی ڈی ایم کا حصہ ہیں، ان کا دل سے احترام کرتا ہوں۔

دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہناہے کہ ‏خواجہ آصف کسی سے پرچی لے کر آئے ہیں اور وہ اپوزیشن کا اتحاد ختم کرنا چاہتے ہیں۔

ادھر پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے بھی خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیا ہے۔ جیو نیوز کے پروگرام ’شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ماضی کے حوالے سے دیکھا جائے تو یقین نہیں ہوگا لیکن ہم ماضی میں کھڑے نہیں ہوسکتے‘ہر جماعت نے اپنے طور پر ماضی سے سیکھا ہے۔

قبل ازیں خواجہ آصف نے ایک ٹی وی انٹرویو میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پر تحفظات کا اظہار کردیا اور کہا ہے کہ مقصد کیساتھ کھڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے اب بھی تحفظات ہیں جنٹلمین پر جو نام میں نے لیا ہے ، جس پر اینکر نے پوچھا کہ ’زرداری صاحب پر‘ تو خواجہ آصف نے کہا کہ مجھے اب بھی تحفظات ہیں۔

تازہ ترین