• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیاض چوہان کا نواز شریف کیخلاف غداری کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ


وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کر دیا، کہتے ہیں کہ نواز شریف نے کروز میزائل کے حوالے سے سر ِعام بات کر کے حساس قومی راز افشاء کیے، وہ اہم ملکی رازوں سے پردہ اٹھا کر غداری کے مرتکب ہوئے ہیں۔

لاہور سے جاری بیان میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نواز شریف نے ملکی رازوں کی حفاظت کا حلف اٹھایا تھا مگر وہ ملک، قوم اور ریاستی اداروں سے بغض اور کینہ میں حد سے نکل چکے ہیں، ہریسے، نہاری اور عوام کا مال کھا کر ان کے دماغ پر چربی چڑھی ہوئی ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان اپنی ذات کے سواکچھ بھی سوچنے سمجھنے سے عاری ہے، عدلیہ اورافواجِ پاکستان سمیت کوئی ادارہ ان کی دشنام طرازی سے محفوظ نہیں۔

فیاض چوہان نے کہا کہ نواز شریف اپنی کم فہمی کے باعث ہمیشہ پاکستان کے لیے عالمی سطح پر سبکی کا باعث بنے ہیں، پاکستانی عوام شریف خاندان کا ملک دشمن ایجنڈا ٹھکرا چکی ہے۔

تازہ ترین