• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور: گھریلو صارفین کو گیس کی ایل این جی نرخ پر فراہمی کا انکشاف


پشاور کے ایک علاقے کے گھریلو صارفین کو گیس، ایل این جی کے نرخ پر فراہم کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

پشاور کے علاقے ریگی ماڈل ٹاؤن کے صارفین نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم میں دہائی دی کہ 90 ہزار روپے تک کے بل آرہے ہیں۔

چیئرمین کمیٹی محسن عزیز نے معاملے پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ گیس فراہم کرکے ایل این جی کی قیمت وصولی گھریلو صارفین سے زیادتی ہے۔

ایم ڈی سوئی نادرن نے سینیٹ کمیٹی کو بتایا کہ نئی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کیلئے2018 میں ایل این جی کنکشن دینے کی پالیسی آئی تھی۔


اس پر چیئرمین کمیٹی نے ایم ڈی سوئی نادرن سے کہا کہ وہ پالیسی دکھائیں، جس کے تحت گھریلو صارفین سے ایل این جی قیمت وصول کی جاتی ہے۔

رکن قائمہ کمیٹی شیر علی ارباب نے کہا کہ یہ نااہلی ہے اوگرا کو گھریلو صارفین کو ایل این جی ٹیرف دیتے وقت معاملے کو دیکھنا چاہیے تھا۔

پی ٹی آئی سینیٹر نعمان وزیر نے کہا کہ اوگرا کو بطور ریگولیٹر دیکھنا چاہیے تھا کہ کیا سب ہاؤسنگ سوسائٹیز کو ایل این جی کنکشن دیے گئے ہیں؟

وائس چیئرمین اوگرا نے کمیٹی کو بتایا کہ ریگی ماڈل ٹاؤن کو گیس ٹیرف وفاقی حکومت کی پالیسی کے تحت دیا گیا ہے۔

اس پر شیر علی ارباب نے کہا کہ وہ پالیسی دکھائیں جس کے تحت پشاور ریگی ماڈل ٹاؤن کے صارفین سے ایل این جی قیمت وصول کی جاتی ہے۔

چیئرمین کمیٹی محسن عزیز نے کہا کہ اوگرا بھی اس حوالے سے غلط فیصلوں پر ربر اسٹمپ بنا ہوا ہے۔

تازہ ترین