کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ کراچی کے بگڑے ہوئے حالات کو وفاق درست کرنے کی کوشش کررہا ہے،شہر میں بجلی کے بحران کی وجہ گیس کی کمی ہے، سندھ حکومت کی جانب سے پائپ لائین بچھانے کی اجازت نہ دینے سے شہر میں گیس کا بحران پیدا ہوا ہے،5 کلو میٹر کی لائین کا رائٹ آف وے نہیں دیا گیا،ان خیالات کا اظہار انہو ں نے پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کیجانب سے گیس کی پائپ لائن بچھانے کے حوالے سے یادداشتی خط وزیراعلیٰ ہاؤس میں جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی وزراء اور وفاقی وزراء کی میٹنگ ہوئی ہے،صوبائی وزیر امتیاز شیخ کی طرف سے اس اہم معاملے پر کوئی خاص جواب نہیں ملا، ہمارا مطالبہ ہے کہ سندھ حکومت فوری سوئی گیس کو رائٹ آف وے دے، اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان، اراکین قومی اسمبلی اور دیگربھی موجود تھے،میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ ہم وزیر اعلیٰ سے درخواست کرنے آئے ہیں سوئی گیس کو رائٹ آف وے دیا جائے،سوئی گیس انتظامیہ وزیر اعلیٰ سندھ کو اس معاملے پر12 مرتبہ یاد دہانی کروا چکی ہے۔