کابل / اسلام آباد (این این آئی، جنگ نیوز)افغان مصالحتی کونسل کے سربراہ اور افغان چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبد اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے طالبان کو جنگ بندی پر قائل کرنے کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنے کا وعدہ کیا ہے، افغانستان میں دہشتگرد تنظیموں کی کوئی گنجائش نہیں۔غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ طالبان کی جانب سے جنگ بندی اور سیز فائر کے معاملے پر افغانستان اور پاکستان ایک لائن پر ہیں،پاکستان کی سول اور ملٹری لیڈر شپ کو افغان امن عمل کے حوالے سے کسی قسم کے تحفظات نہیں ہیں۔ سربراہ افغان مصالحتی کونسل نے کہا کہ طالبان کو جنگ بندی سے متعلق تحفظات ہیں تو اور بھی بہت سے راستے ہیں، جیسے انسانی بنیادوں پر سیز فائر اور پرتشدد کارروائیوں میں نمایاں کمی بھی جنگ بندی کا ایک راستہ ہے۔طالبان کے ساتھ دوحا مذاکرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ کیوں اس ڈیل کو اتنا بڑا مسئلہ بنایا جا رہا ہے کہ ہم اس میں پھنس کر رہ جائیں، ہم نے اپنی ٹیم کو لچک دکھانے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر طالبان سنجیدہ نہیں ہوں گے اور لچک نہیں دکھائیں گے تو اس سے ہماری ٹیم کے رویے پر بھی اثر پڑے گا۔