• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اکشے کمار کا بالی ووڈ میں ڈرگز کے استعمال کا اعتراف


بھارتی فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار اکشے کمار نے بھی بالی ووڈ میں ڈرگز مافیا اور لوگوں کے ڈرگز کے استعمال کا اعتراف کرلیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر راجیو ہری اوم بھاٹیا بالمعروف اکشے کمار نے سشانت سنگھ راجپوت کی موت اور پھر اس کے بعد بالی ووڈ میں ڈرگز مافیا سے متعلق اپنی خاموشی توڑ دی۔

ٹوئٹر پر انھوں نے اپنی ایک ویڈیو جاری کی جس میں انھوں نے بالی ووڈ میں ڈرگز کے معاملے کا اعتراف کیا۔

اپنے کیریئر کی فکر کرتے ہوئے اکشے کمار نے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے میڈیا میں چلنے والی منفی خبروں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ آپ لوگ بالی ووڈ کے تمام لوگوں کو ایک ہی طرح سے نہ دیکھیں۔

اکشے کمار کا کہنا تھا کہ سشانت سنگھ راجپوت کی موت سے جتنا مداحوں کو دکھ ہوا اتنا ہی اسٹارز کو بھی ہوا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس کے بعد پیدا ہونے والے معاملات نے ہمیں ہمارے خود کے گریبان میں جھانکنے اور فلم انڈسٹری کی خامیوں کو دیکھنے پر مجبور کیا ہے جن پر دھیان جانا بہت ضروری ہے۔

اکشے کمار نے اپنے دل پر ہاتھ رکھتے ہوئے کہا کہ میں کیسے آپ لوگوں سے جھوٹ بول دوں کہ یہ مسئلہ (ڈرگز) بالی ووڈ میں موجود نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ جس طرح ہر شعبے میں ڈرگز استعمال کرنے والے لوگ موجود ہیں ویسے ہی بالی ووڈ میں بھی ایسے لوگ موجود ہیں، تاہم امید ہے کہ تحقیقاتی ادارے اور عدالتیں جو بھی اقدامات اٹھارہی ہیں وہ ٹھیک ہوگا۔

اداکار نے اپنے ہی میڈیا کو بھی اس کا آئینہ دکھا دیا اور کہا کہ میں میڈیا سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنی آواز محتاط انداز میں اٹھائے کیونکہ ایک منفی خبر کسی کی برسوں کی محنت کو برباد کرکے رکھ دے گی۔

واضح رہے کہ 14 جون کو سشانت سنگھ راجپوت ممبئی میں اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔

ابتدا میں ان کی موت کو خودکشی قرار دیا گیا تھا تاہم بعد میں تحقیقاتی اداروں نے مختلف زاویوں سے اس کی تحقیقات شروع کیں تو معاملہ بالی ووڈ میں ڈرگز مافیا اور سشانت کے منشیات استعمال کرنے تک پہنچا۔

اسی سلسلے میں سشانت کی سابقہ دوست اور اداکارہ ریا چکرورتی اور ان کے بھائی کو گرفتار کیا گیا جن پر الزام ہے کہ انھوں نے سشانت کو ڈرگز کا عادی بنایا، جبکہ ریا نے بالی ووڈ میں ڈرگز مافیا سے متعلق بڑے انکشافات بھی کیے۔

ان انکشافات کے بعد بالی ووڈ کی صف اول کی شخصیات جن میں شردھا کپور اور دیپیکا پڈوکون شامل ہیں، کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ دیپیکا پڈوکون کی منشیات سے متعلق واٹس ایپ گفتگو بھی منظر عام پر آئی تھی جس کی درستی کا وہ اعتراف بھی کرچکی ہیں۔

تازہ ترین