صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا ہے کہ ہمیں بھارت کی مکار چالوں اور جعلی نقشوں کے خلاف متحد رہنا ہے۔
صدر آزاد کشمیر نے ان خیالات کا اظہاراسلام آباد میں فرینڈ آف کشمیر انٹرنیشنل کی چیئرپرسن اور شاعرہ غزالہ حبیب کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب میں کیا۔
انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کے جذبہ آزادی میں کوئی کمی نہیں آئی ہے،وہ 1947ء سے آج تک پاکستان زندہ باد کے نعرے لگارہے ہیں۔
مسعود خان نے مزید کہاکہ کشمیریوں کے جذبہ اور قربانی کے سبب لازم ہوگیا ہے کہ ہم اپنا فرض نبھائیں۔
ان کا کہنا تھاکہ ریاست پاکستان کسی صورت کشمیریوں کے اصولی موقف کو نقصان نہیں پہنچائے گی، آج تک کشمیرکی تقسیم صرف بھارت نے کی، پاکستان ایسا کچھ نہیں کرنے جارہا۔
صدر آزاد کشمیر نے یہ بھی کہاکہ گلگت بلتستان کی عوام اور ہمارے نقطہ نظر میں تھوڑا فرق ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں باہمی مشاورت سے بھارت کی مکار چالوں اور جعلی نقشوں کے خلاف متحد رہنا ہے،بھارتی فورسز کی یلغار اور بھارتی آبادکاری کے عمل کے خلاف ہمیں آواز بلند کرنا ہوگی۔