کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہےکہ نواز شریف لندن میں کسی بھارتی سے نہیں ملے، سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سابق وزیراعظم کا تعلق بھارت سے جوڑا گیا،بھارتی لابی سے ملاقات کا الزام واپس نہ لیا تو قانونی نوٹس دینے کا حق رکھتے ہیں۔ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق گورنر سندھ محمد زبیر نےکہاہےکہ یہ کہتے ہیں کہ میاں نواز شریف سے لندن میں تین بھارتی ملے لیکن انہیں تین بھارتیوں کی ضرورت نہیں ، نواز شریف کے ساتھ 22کروڑ پاکستانی ہیں، جس کے ساتھ 22کروڑ پاکستانی ہوں گے اسے تین بھارتیوں کی کوئی ضرورت نہیں، ہمیں نہ بتایا جائے کہ نواز شریف کس سے ملے تھے، یہ بالکل جھوٹ ہے اور اس طرح کی سیاست کی ہم مذمت کرتے ہیں، شہباز گل میں ہمت نہیں یہ سب کہنے کی، یہ عمران خان کے کہنے پر ہوتا ہے۔