• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنگنا اشتعال انگیز بیانات کیوں دیتی ہیں؟ شبانہ نے بتا دیا

بھارتی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی سینئر اداکارہ شبانہ اعظمی کا متنازع ہیروئن کنگنا رناوت سے متعلق کہنا ہے کہ کنگنا خبروں میں رہنے کے لیے اشتعال انگیز بیانات دیتی ہیں۔

آنجہانی بھارتی ہیرو سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کو قتل قرار د ینے والی اداکارہ کنگنا رناوت اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے کافی مشہور ہیں اور آئے دن نئے مقدمات اور تنازعات کا شکار رہتی ہیں۔


کنگنا رناوت نے سشانت سنگھ کی خود کشی کی وجہ بھارتی فلم انڈسٹری کو ٹھہرایا تھا جس کے بعد سے بالی ووڈ ایک ختم نہ ہونے والے مسائل کا شکار ہے, روزانہ کی بنیاد پر ان مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے معروف شخصیات بھی متاثر ہیں۔

کنگنا رناوت کی جانب سے سشانت سنگھ راجپوت کی خود کشی کا مقدمہ لڑنے کا اعلان کیا گیا تھا، کنگنا نے اسٹار کڈز سمیت بڑے ہدایتکاروں کو سشانت سنگھ کی خودکشی کی وجہ قرار د یتے ہوئے دہشت گرد کہا تھا اور فلم انڈسٹری کو ’ڈرگ مافیا‘ کے نام سے پکارا تھا۔

حال ہی میں بھارتی سینئر اداکارہ شبانہ اعظمی نے اپنے ایک بیان میں  کنگنا رناوت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’کنگنا رناوت شہرت چھن جانے کے خوف میں مبتلا ہیں، اشتعال انگیز بیانات ہی کنگنا کو خبروں میں رکھتے ہیں۔‘

شبانہ اعظمی نے اپنے بیان میں کنگنا کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’کنگنا رناوت وہ کام کریں جو وہ بہتر کر سکتی ہیں جیسے کہ اداکاری ۔‘

شبانہ اعظمی نے بھارتی نجی چینل سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’کنگنا رناوت اپنے بنائے ہوئے جھوٹ پر یقین کرنے لگ گئی ہیں، کنگنا کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے انڈسٹری کو اقربا پروری اور عورتوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنا سکھایا ہے۔‘

انہوں نے کنگنا رناوت کو بے چاری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’اُن کا خیال ہے کہ کنگنا رناوت اُس دن سے خوفزدہ ہیں کہ جس دن وہ خبروں کی ہیڈ لائنز میں نہیں ہوں گی، اسی لیے خبروں میں رہنے کے لیے وہ اشتعال انگیز بیانات دیتی رہتی ہیں۔‘

شبانہ اعظمی کا کہنا تھا کہ ’وہ مانتی ہیں کو فلم انڈسٹری میں مسائل موجود ہیں مگر سب کو ایک ہی صف میں لا کھڑا کرنا ناانصافی ہے۔‘

تازہ ترین