• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے کہا ہے کہ ممبئی میں غنڈا راج جاری ہے، مہاراشٹرا میں ایک نااہل شخص وزیراعلیٰ ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کنگنا نے ان خیالات کا اظہار ہریانہ کے ایک یوٹیوبر ساحل چوہدری کی گرفتاری پر ردِ عمل دیتے ہوئے کیا۔

مہاراشٹرا کی حکمراں جماعت شیو سینا کے ساتھ لفظی ٹکراؤ میں رہنے والی کنگنا اب ممبئی پولیس پر بھی برس پڑیں۔

ساحل چوہدری کی گرفتاری پر انھوں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ ممبئی میں کس طرح کا غنڈا راج جاری ہے؟

اس کے ساتھ ساتھ انھوں نے مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے کو نااہل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی ان سے یا ان کی حکومت سے سوال نہیں کر سکتا۔ 

کنگنا نے سوال اٹھایا کہ یہ لوگ ہمارے ساتھ کیا کریں گے؟ کیا یہ ہمارے گھر توڑیں گے اور ہمیں قتل کریں گے؟

اپنے ٹوئٹ میں انھوں نے سوال کیا کہ ’ان سب چیزوں کے لیے کون جواب دہ ہے؟‘ جبکہ ساتھ میں انھوں نے اپوزیشن جماعت انڈین نیشنل کانگریس کو ٹیگ کیا۔

اداکارہ نے اپنے پیغام میں ’میں ساحل کے ساتھ ہوں‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

کنگنا نے سوال اٹھایا کہ مہاراشٹرا حکومت کے کاموں پر سوال پوچھنے پر، جو ان کا جمہوری حق بھی تھا، ایک متفرق ایف آئی آر درج ہوئی اور ساحل کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا، جبکہ پائل نے انوراگ کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کروائی لیکن انوراگ آزاد گھوم رہے ہیں، یہ سب کیا ہے؟

واضح رہے کہ اداکارہ پائل گھوش نے ہدایت کار انوراگ کیشپ پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا اور ہدایت کار کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کروائی گئی تھی۔

تاہم اپنی درخواست پر عمل ہوتا نہ دیکھ پائل نے بھوک ہڑتال پر جانے کا اعلان کردیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں سے شیو سینا اور کنگنا رناوت کے درمیان لفظی جنگ جاری ہے، اور اسی دوران ہی ممبئی کی میونسپل کارپوریشن نے کنگنا کے گھر کو مسمار کردیا تھا۔

اس حوالے سے کنگنا رناوت دلبرداشتہ ہوئیں اور انھوں نے بیان دیتے ہوئے مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ اور شیو سینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’جس طرح میرا گھر ٹوٹا اسی طرح تمھاری انا بھی ٹوٹے گی‘۔

ساتھ میں انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ ادھو ٹھاکرے اور اس فلم ساز کرن جوہر کو بے نقاب کریں گی۔

تازہ ترین