امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا کے بعد ان کے قریبی حلقوں میں بھی کورونا وائرس پھیل گیا، جن میں وائٹ ہاؤس کا عملہ اور ری پبلکن پارٹی کے کئی رہنما شامل ہیں۔
امریکی صدر ٹرمپ اور انکی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے کورونا وائرس پازٹیو ہونے کے بعد وائٹ ہاؤس کے متعدد عہدیداروں کے ٹیسٹ مثبت آگئے۔
صدر ٹرمپ کی خصوصی مشیر ہوپ ہکس، وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیلی مک اینینی اور ان کے معاونین چیڈ گلمارٹن اور کیرولین لیویٹ کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
صدر ٹرمپ کے سابق نمائندہ خصوصی کیلیان کونوے کا بھی کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ وہ بھی 26 ستمبر کو روز گارڈن میں منعقدہ تقریب میں شریک ہوئے تھے۔
صدر ٹرمپ کی اسسٹنٹ نکولس لونا کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ بدھ کو ری پبلکن نیشنل کمیٹی کی سربراہ رونا مک ڈینیل کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا گیا۔
جمعہ کو صدر ٹرمپ کے صدارتی الیکشن مہم کے منیجر بل اسٹیپین کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا۔ جبکہ ہفتےکو نیوجرسی کے سابق گورنر کرس کرسٹی کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے، انہوں نےگزشتہ ہفتے جو بائیڈن کے ساتھ صدارتی مباحثے کے دوران ٹرمپ کی معاونت کی تھی۔
ری پبلکن پارٹی کے تین سینیٹرز کے بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آئے جن میں ریاست یوٹا کے مائیک لی، شمالی کیرولینا کے تھام ٹیلِس اور ریاست وسکونسن کے رون جانسن شامل ہیں۔ مائیک لی اور ٹیلِس، امریکی سینیٹ کی جوڈیشری کمیٹی کے رکن ہیں۔