• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ممکن ہےFIR نواز شریف کے کارکن نے درج کرائی ہو، شبلی فراز

اسلام آباد (ایجنسیاں‘جنگ نیوز) وفاقی کابینہ نے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے فیصلہ موخر کر دیا جبکہ حضرت امام حسینؓ کے چہلم کے موقع پر صوبائی حکومتوں اور وفاقی دارالحکومت انتظامیہ کو فوج اور سول آرمڈ فورسز کی معاونت فراہم کرنے، لیگل اینڈ جسٹس اتھارٹی کے قیام‘ الیکٹرانک سرٹیفکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل کے ملازمین کی تنخواہوں میں ترمیم کے حوالے سے پیش کی جانے والی تجویز کی منظوری جبکہ بین الاقوامی ٹیکس ٹریٹی سے متعلقہ اقدامات کے حوالے سے ملٹی لیٹرل کنونشن کی توثیق کی‘وفاقی کابینہ نے روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا۔

وزراء نے مہنگائی کی شکایات کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکام ناکام ہوگئے ہیں جس پر وزیراعظم نے اشیا ضروریہ کی قیمتیں کم کرنے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔

منگل کو وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بغاوت کی ایف آئی آر سے حکومت کاکوئی لینا دینا نہیں‘عمران خان کو اتنی فرصت نہیں کہ ایسے مقدمات درج کراتے رہیں‘ ممکن ہے کہ ایف آئی آر نواز شریف کے کسی کارکن نے درج کرائی ہو‘ دشمن کی زبان بولنے والا محب وطن نہیں ہوسکتا ‘کوئی کتنی بار بھی وزیراعظم بنا ہو جرم کریگا تو سزا ہوگی، اگرعمران خان بھی کچھ کریں تو وہ بھی انہی قوانین کے تحت آئیں گے۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ موجودہ پی آئی اے انتظامیہ کی کوششوں کی بدولت آمدن میں 42.5فیصد اضافہ ہوا ہے۔ آٹھ سالوں بعد2019میں پی آئی اے کا گراس منافع 7.8ارب روپے سامنے آیا۔

کابینہ نے ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عہدے کی ذمہ داریاں سیکرٹری ایوی ایشن کو عارضی طور پر تفویض کرنے کی مدت میں اضافے میں منظوری دی۔ کابینہ نے عبدالخالق شیخ کو ایگزیکیٹو و ڈائریکٹر اسٹیٹ لائف انشورنس تعینات کرنے کی منظوری دی۔

کابینہ نے منامٹا کنونشن برائے مرکری کی توثیق کی منظوری دی۔ کابینہ نے اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے لئے غیر سرکاری ممبران کی تعیناتی کی منظوری دی۔

کابینہ نے نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی کے بورڈ میں جاوید سالک ملک، منیر کمال، ڈاکٹر فیصل باری اور عارفہ صبوحی کو بطور ممبر شامل کرنے کی منظوری دی۔کابینہ نے ڈاکٹر غلام علی ملاح کو سیکرٹری انٹر بورڈ کمیٹی آ ف چیئرمین تعینات کرنے کی منظوری دی۔

تازہ ترین