• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سشانت خودکشی: ریا کو منشیات کیس میں ضمانت مل گئی

بالی ووڈ کے نوجوان اداکار سشانت سنگھ راجپوت خودکشی کیس سے منسلک منشیات معاملے میں گرفتار اداکارہ ریا چکرورتی کو ضمانت مل گئی جبکہ اُن کے بھائی شووک چکرورتی جیل میں ہی رہیں گے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی ہائی کورٹ نے سشانت کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی کی درخواست ضمانت پر آج فیصلہ سنایا ہے، ایک ماہ سے جیل میں قید ریا نے لوئر  کورٹ سے دو مرتبہ عرضی خارج ہونے کے بعد ہائی کورٹ میں ضمانت کی اپیل کی تھی۔


اسی کیس میں مقامی عدالت نے گزشتہ روز ریا چکرورتی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کی تھی تاہم اب انہیں ہائی کورٹ سے ضمانت مل گئی ہے۔

ضمانت ملنے کے بعد ریا پورے ایک ماہ بعد جیل سے باہر آئیں گی جبکہ منشیات کیس میں ریا کے بھائی شووک چکرورتی، عبدالباسط پریہار، دیپیش ساونت اور سیموئل میرانڈا کی درخواست ضمانت کو عدالت نے مسترد کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت کی کارروائی آج صبح 11 بجے شروع ہوئی تھی جس کے بعد بینچ نے فوراً فیصلہ سنا دیا تھا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ عدالت نے ضمانت کے عوض ریا چکرورتی کو ایک لاکھ روپے بطور بانڈ جمع کرانے اور رہائی کے بعد روزانہ 10 روز قریبی پولیس اسٹیشن میں حاضری لگانے کی ہدایت کی ہے۔

اس کے علاوہ اداکارہ کو اپنا پاسپورٹ بھی جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے اور وہ عدالت کی اجازت کے بغیر بیرون ملک سفر نہیں کرسکتیں۔

اداکارہ ریا چکرورتی کے وکیل نے اپنی مؤکلہ کی ضمانت کو سچ اور انصاف کی جیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلآخر حقائق اور قانونی نکات کو عدالت نے تسلیم کیا ہے۔

واضح رہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ریا چکرورتی کو 8 ستمبر کو گرفتار کیا تھا، ریا پر 14 جون کو گھر میں مردہ پائے جانے والے سشانت سنگھ کے لیے منشیات کا انتظام کرنے کا الزام ہے۔

دوسری جانب اداکارہ نے اس کیس میں اپنی اور اپنے بھائی کی گرفتاری کو ایجنسیوں کی انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔

تازہ ترین