وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ نون لیگ اور پیپلز پارٹی کرپشن کے باعث پکڑے جانے سے پریشان ہیں، جنہوں نے ملکی وسائل کو ذاتی طور استعمال کیا ان کا احتساب جاری رہے گا۔
اپنے دورۂ کراچی کے موقع پر وفاقی وزیرِ اطلاعات شبلی فراز نے تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کے ہمراہ مزارِ قائد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی کوشش ہے کہ کے فور اور کے سی آر سمیت دیگر منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کا احترام ہم سب پر لازم ہے، کراچی کے جزائر پر نئے شہروں کی تعمیر سے مقامی لوگوں کی بھی معاشی ترقی ہوگی۔
شبلی فراز کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کوعلی زیدی نے جواب دے دیا ہے، میڈیا کے اداروں کو ایک ارب روپے سے زیادہ کی ادائیگیاں کر چکے ہیں، بدقسمتی سے ملازمین کو بر وقت ادائیگیاں نہیں کی گئیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ اب ایسانظام لا رہے ہیں کہ اداروں کی ادائیگی مزدوروں کے بقایاجات سے مشروط کریں گے۔