• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ان کا ٹھکانہ جیل، عوام نے ہمیں اسی مقصد کیلئے منتخب کیا، شبلی فراز


اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ملک لوٹ کر کنگال کرنے والوں کا ٹھکانہ جیل ہے ‘عوام نے ہمیں اسی مقصدکیلئے منتخب کیاہے ‘مسلم لیگ (ن) عوام کے سامنے ایسا بیانیہ پیش کر رہی ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، مسلم لیگ (ن) نے لوٹ مار اور کرپشن کے سوا اس ملک میں کچھ نہیں کیا، وہ بارودی سرنگیں بچھا کر گئی تھی۔

بجلی مہنگی ہونے کی بنیادی وجہ نواز شریف حکومت کے معاہدے ہیں‘یہ جانتے ہیں کہ اگر حکومت کامیاب ہو گئی تو ان کا کوئی مستقبل نہیں ہو گا‘عمران خان ایسے لیڈر ہیں جن پر جتنا پریشر ڈالا جائے وہ اتنے مضبوط ہوتے جاتے ہیں، عمران خان جیسا ایماندار لیڈر ملک کو پہلی مرتبہ ملا ہے۔

مسلم لیگ (ن) نے جو بیانیہ شروع کیا ہے اس سے ان پر قائم ہونے والے مقدمات کا کوئی تعلق نہیں، سی پیک اتھارٹی کے قانون کو 15 سے 20 روز میں پاس کرا لیں گے‘ ہر سطح پر نواز شریف کی واپسی کے لئے کوشاں ہیں، لسانیت کے ذریعے یہ بین المذاہب ہم آہنگی کو بھی متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ 

وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ترجمان بڑے وثوق سے عوام کے سامنے جھوٹ بولتے ہیں‘یہ اپنے گناہوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں، عوام کے مفاد کے ٹھیکیداراپنی حکومتیں چلا چکے ہیں، انہوں نے عوام دشمنی کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا۔

اسحاق ڈار نے 23 ارب ڈالر اسٹیٹ بنک میں رکھ کر ڈالر کو مصنوعی طور پرر روکے رکھا۔پٹرول ہمارے کنٹرول میں نہیں ہے، عالمی مارکیٹ میں اس کی قیمتیں گرتی ہیں اور بڑھتی ہیں‘یہ لوگ سائیکلوں پر آئے تھے اور اب ارب پتی بنے ہوئے ہیں۔

تازہ ترین