• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم ڈین جونز کیلئے کھڑے ہیں، وسیم اکرم

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے سابق آسٹریلین کرکٹر و کمنٹیٹر ڈین جونز کی آخری رسومات کی ادائیگی کے بعد سوشل میڈیا پر ڈین جونز کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

گزشتہ روز سابق آسٹریلوی کرکٹر و کمنٹیٹر ڈین جونز کی آخری رسومات ادا کی گئیں، اس موقع پر سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ڈین جونز ایک ایسے عظیم انسان تھے جو ’اسٹینڈنگ اوویشن‘ کے مستحق تھے یعنی لوگ کھڑے ہوکر اُن کا استقبال کریں۔‘

وسیم اکرم نے جذباتی ہوتے ہوئے لکھا کہ ’ڈین جونز ہم یہاں آپ کے لیے ہمیشہ کھڑے ہیں۔‘

آخر میں سابق کرکٹر نے اپنے ڈین جونز کی تاریخ پیدائش اور تاریخ وفات لکھتے ہوئے اُن کے لیے دُعا بھی کی۔

دوسری جانب وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا نے بھی ٹوئٹر پر ڈین جونز کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا ہے جس میں اُن کا کہنا تھا کہ ڈین جونز آپ کی خدمات کے لیے ہم آپ کو سلام پیش کرتے ہیں، آپ نے ناصرف آسٹریلیا کے لیے فخریہ خدمات سرانجام دیں بلکہ آپ نے پاکستان میں انٹرنیشل کرکٹ کی بحالی کے لیے بھی بہت مدد کی۔

سابق کرکٹر کی اہلیہ نے مزید کہا کہ ہم تہہ دل سے آپ کے شُکر گُزار ہیں اور آپ ہمیشہ ہمیں بہت یاد آئیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ڈین جونز ہار ٹ اٹیک کے سبب ممبئی میں انتقال کر گئے تھے، ان کی عمر 59 سال تھی جبکہ گزشتہ روز وکٹوریہ میں ہونے والی ایک نجی تقریب میں ڈین جونز کو سپردِ خاک کیا گیا۔

ڈین جونز کی آخری رسومات میں اہلِ خانہ اور صرف قریبی دوست مدعو تھے، میمیوریل سروس میں صرف 10 لوگوں نے ہی شرکت کی۔

تازہ ترین