دنیائے کرکٹ کے سابق آسٹریلین بیٹسمین و کمنٹیٹر ڈین جونز کے انتقال پر سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کی اہلیہ و سماجی کارکن شنیرا اکرم کی جانب سے اظہارِ تعزیت کیا گیا ہے۔
شنیرا اکرم نے کرکٹ کی اہم شخصیت ڈین جونز کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے بہت فخر ہے کہ ڈین جونز نے گزشتہ 5 سالوں سے پاکستان میں کام کیا۔‘
وسیم اکرم کی اہلیہ نے لکھا کہ ’جو شخص بھی ڈین جونز کو جانتا تھا یا جس نے بھی اُن کے ساتھ کام کیا وہ اس بات کا گواہ ہے کہ انہوں نے پاکستان میں کرکٹ کے لیے کتنی خدمات سرانجام دیں۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’ڈین جونز واقعی پاکستان سے بہت محبت کرتے تھے، ان کی باتیں سُن کر بہت اچھا لگتا تھا اور مجھے اس بات کی بےحد خوشی ہے کہ ہم نے ایک ساتھ کام کیا۔‘
شنیرا اکرم نے اپنے اگلے ٹوئٹ میں پاکستان اور بھارت سمیت پورے برصغیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان، بھارت اور پورے کرکٹ برصغیر کا شکریہ کہ جنہوں نے ڈین جونز جیسے عظیم آسٹریلوی آدمی سے اتنا پیار کیا۔‘
آخر میں شنیرا نے شدید دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’ڈین جونز اس دُنیا سے تو رخصت ہوگئے ہیں لیکن ہم اُن کو کبھی نہیں بُھولیں گے۔‘
واضح رہے کہ آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں مختلف ٹیموں کے لیے کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھانے والے ڈین جونز گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے بھارت کے شہر ممبئی میں انتقال کر گئے تھے۔