• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے سوشل میڈیا پر دنیائے کرکٹ کے سابق آسٹریلین بیٹسمین و کمنٹیٹر ڈین جونز کے لیے جذباتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی خدمات کے لیے ہم آپ کو سلام پیش کرتے ہیں، آپ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

گزشتہ روز سابق آسٹریلوی کرکٹر و کمنٹیٹر ڈین جونز کی آخری رسومات ادا کی گئیں اور اس موقع پر جہاں شائقین کرکٹ افسردہ تھے تو وہیں سابق کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا کی جانب سے بھی ڈین جونز کی یاد میں ایک جذباتی پیغام سامنے آیا ہے۔

شنیرا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں ڈین جونز کو سلام پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ نے ناصرف آسٹریلیا کے لیے فخریہ خدمات سرانجام دیں بلکہ آپ نے پاکستان میں انٹرنیشل کرکٹ کی بحالی کے لیے بھی بہت مدد کی۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’پاکستان کے لوگ ہمیشہ آپ کو اُس شخص کی حیثیت سے یاد رکھیں جس نے اُن کے ملک میں کرکٹ کی بحالی کے لیے کام کیا۔‘

سابق کرکٹر کی اہلیہ نے مزید لکھا کہ ’ہم تہہ دل سے آپ کے شُکر گُزار ہیں اور آپ ہمیشہ ہمیں بہت یاد آئیں گے۔‘

واضح رہے کہ اس سے قبل شنیرا نے ڈین جونز کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتےہوئے کہا تھا کہ اُنہیں بہت فخر ہے کہ ڈین جونز نے گزشتہ 5 سالوں سے پاکستان میں کام کیا۔

شنیرا کا کہنا تھا کہ ڈین جونز واقعی پاکستان سے بہت محبت کرتے تھے، ان کی باتیں سُن کر بہت اچھا لگتا تھا اور اُنہیں اس بات کی بےحد خوشی ہے کہ اُنہوں نے ڈین جونز کے ساتھ کام کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ڈین جونز ہار ٹ اٹیک کے سبب ممبئی میں انتقال کر گئے تھے، ان کی عمر 59 سال تھی جبکہ گزشتہ روز وکٹوریہ میں ہونے والی ایک نجی تقریب میں ڈین جونز کو سپردِ خاک کیا گیا۔

ڈین جونز کی آخری رسومات میں اہلِ خانہ اور صرف قریبی دوست مدعو تھے، میمیوریل سروس میں صرف 10 لوگوں نے ہی شرکت کی۔

تازہ ترین