• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلینڈ میں کورونا وائرس کی شرح میں پریشان کن اضافہ، اگلے ہفتے سے مزید سختی کرنے کی تیاریاں

لندن (وجاہت علی خان) حکومت اگلے ہفتے انگلینڈ میں کورونا وائرس کے سلسلہ میں مزید سختیاں کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔اس ضمن میں مقامی لاک ڈائون کیلئے تین درجے کا نظام متعارف کروایا جائے گا۔ ممکنہ پابندی یا اس کی حدود کا تعین نہیں کیا گیا لیکن یہ امکان بڑی حد تک موجود ہے کہ رات کے وقت گھر سے دور رہنے پر پابندی لگ دی جائے۔ مذکورہ سسٹم کے تحت ملک کے مختلف حصوں کو مختلف کیٹگری میں رکھا جائےگا۔ حکومتی وزرااس سلسلےمیں صلاح مشورہ کے بعد آئندہ پیر کے روز نئے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ کمیونٹیز کے سیکریٹری رابرٹ جینک کا کہنا ہے کہ پبز، ریستوران اور دیگر مہمان نوازی کی جگہوں کو بند کرنا بھی خارج از امکان نہیں۔ یاد رہے کہ سکاٹ لینڈ میں گلاسگو، ایڈنبرا اور دیگر شہروں میں بھی آج جمعہ سے تمام پب اور ریستوران بند ہوں گے لیکن سکاٹ لینڈ کے کئی دیگر علاقوں میں پب وغیرہ شام چھ بجے بند کردیئے جائیں گے، لیکن بیئر وغیرہ پب سے باہر پیش کی جاسکتی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سےمزید سختیاں ناگزیر ہیں، کیونکہ بدھ کے روز بھی کووڈ 19 کے کیسوں میں 14,162 کا اضافہ ہوا جبکہ 70 اموات اس روز ہوئی ہیں۔ حکومتی ذرائع کے مطابق انفیکشن کی بڑھتی ہوئی شرح پریشان کن ہے۔ ہسپتالوں میں کوویڈ مریضوں کی تعداد بڑھنے سے خطرہ ہے کہ این ایچ ایس پر بے حد بوجھ بڑھے گا لیکن جن علاقوں میں کووڈ کے زیادہ کیسز ہوئے ہیں وہاں زیادہ سختیاں کی جائیں گی۔ حکومت نے یہ عندیہ بھی دیا ہے کہ حالات جس قسم کے بھی ہوں سکول ہر حالت میں کھلے رہیں گے۔ علاوہ ازیں انگلینڈ کے شمال مشرق اور شمال مغرب، برمنگھم اور لیسٹر کے کچھ حصوں میں پہلے ہی سخت پابندیاں عائد ہیں۔ وزارت خزانہ پابندیوں سے متاثرہ علاقوں میں واقع صنعتوں کی مالی امداد کرنے پربھی غور کر رہی ہے۔ برطانیہ اور آئر لینڈ کے 24 میڈیکل کالجز کی نمائندگی کرنے والی اکیڈیمی نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ حکومتی پابندیوں پر سختی سے عمل کریں۔

تازہ ترین