• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کیلئے کشمیر کونسل سویڈن کا قیام عمل میں آگیا

سٹاک ہوم( کاشف عزیز بھٹہ ) مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرانے اور ان کی آواز کو دنیا بھر میں اٹھانے کےلئےنئی تنظیم ’’کشمیر کونسل سویڈن‘‘قائم کر دی گئی۔کشمیر کونسل سویڈن کے چیئرمین چوہدری ظفر اقبال،صدر سردار تیمور عزیز کشمیری،نائب صدر بلال مصطفی،سیکرٹری جنرل وحید احمد،سیکرٹری انفارمیشن محمد وقاص،سیکرٹری فنانس محمد آصف بٹ، فارن سیکرٹری اشتیاق خان،منتخب ہوئے۔ تنظیم کا مقصد مقبوضہ وادی کے لوگوں کی آواز کو سویڈن بھر میں موثر انداز میں بلند کرنے کےلئے ایک پلیٹ فارم مہیا کر نا ہے۔ تنظیم کے قیام کا فیصلہ سٹاک ہوم میں کشمیری اور پاکستانی رہنمائوں کےاجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر طے کیا گیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کی کوششوں کے ساتھ ساتھ تنظیمی سطح پر وادی کے حقیقی مسائل کو دنیا کےسامنے لایا جائےگا۔ تنظیم سازی کے موقع پر کشمیر کونسل سویڈن کے چیئرمین چوہدری ظفر اقبال،صدر سردار تیمور عزیز کشمیری، سیکرٹری جنرل وحید احمد،نائب صدر راجہ بلال مصطفی نے گفتگو میں کہا کہ سویڈن میں وادی کشمیر کے لوگوں کی کوئی تنظیم نہیں جو ان کے مسائل اور انکے حق خود ارادیت کو اجاگر کر سکے۔ ہم وادی کے لوگوں کو اکھٹا کرکے پاکستانی کمیونٹی کی حمایت سے نئے جذبے کے ساتھ جدوجہد کرینگے اور مسئلہ کشمیر کو سویڈن کے تمام فورمز اور اداروں تک پہنچائیں گے اورموثر طریقہ اپناتے ہوئے مسئلے کی سنگینی کے مطابق حل کرانے کی کوشش کرینگے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم کشمیر کاز کیلئے سویڈن بھر میں بھرپور لابنگ کریں گے اور اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کی آواز بنیں گے جبکہ صدر کشمیر کونسل سویڈن سردار تیمور عزیز کشمیری نے اعلان کیا کہ تنظیم کو گلف، امریکہ کینیڈا اور یورپ سمیت دنیا بھر میں قائم کیا جائیگا۔ تنظیم کے انعقاد کی تقریب کے موقع پرکشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کی شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا تھا جن میں سویڈن کی معروف سماجی اور کاروباری شخصیت شیح سعید ،پاکستان کرکٹ اینڈ کلچرل سوسائٹی کے صدر مقصود خواجہ ، پاکستان اوورسیز کمیونٹی گلوبل سٹاک ہوم کے صدر محمد آصف بٹ،پاکستان سویڈش فرینڈ شپ فورم کے صدر جنید نواز چوہدری، محمد ندیم و دیگر نے بھی شرکت کی اور خطاب بھی کیا اور تنظیم کے قیام پر بھرپور تعاون کی پیشکش کی۔آخر میں کیک کاٹا گیا اور دعائے خیر کی گئی۔

تازہ ترین