وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کابینہ کو نوازشریف کی اتنی بیماریاں بتائی گئیں کہ شیریں مزاری تک کی آنکھ میں آنسو آگئے۔
عمران خان نے وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ایک وزیر کا بھائی ان کا ترجمان بنا ہے، اس نے نوازشریف کو خمینی سے ملادیا، جبکہ خمینی کو بندوق کی نوک پر بھیجا گیا تھا، اس نے بیماریاں بتا کر منتیں نہیں کی تھیں۔
وزیراعظم نے اپوزیشن پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سارے بے روزگار سیاست دان اکٹھے ہوگئے، یہ سارے خود کو قانون سے بالا سمجھتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ لندن میں بیٹھا شخص لوگوں سے کہہ رہا ہے کہ وہ اس کی چوری بچانے کے لیے باہر نکلیں۔ یہ جتنے مرضی جلسے کر لیں اگر قانون توڑا تو یہ جیل میں ہوں گے، انہیں این ار او ملا تو ملک تباہی کی طرف جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاک فوج کے خلاف غلط زبان استعمال کرنے والے ہندوستان کا ایجنڈا لے کر پھر رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ نواز شریف فوج کو پنجاب پولیس بنانا چاہتے ہیں، اسی لیے ان کی ہر آرمی چیف سے لڑائی ہوئی، ظہیر الاسلام کو پتا تھا کہ نوازشریف نے کتنی چوری کی ہے۔ اسی لیے نواز شریف نے ڈی جی آئی ایس آئی کی استعفیٰ مانگنے والی بات خاموشی سے سنی۔
عمران خان نے کہا کہ انہیں فوج سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔