وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والے ن لیگی ارکان کو پنجاب اسمبلی اجلاس میں شرکت مہنگی پڑ گئی۔
پنجاب اسمبلی میں مولانا جلیل شرقپوری کی آمد پر ن لیگی ارکان نے احتجاج کیا، ن لیگی اپم پی اے نے لوٹے اٹھا کر نعرے لگائے اور مولانا جلیل شرقپوری کی ٹوپی پر لوٹا رکھ دیا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے اراکین نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرنے والے مولانا جلیل شرقپوری کا بھی راستہ روک لیا اور ان کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
جلیل شرقپوری اجلاس میں شرکت کے لیے آئے تو مرزا جاوید اور دیگر ارکان نے ان کا گھیراؤ کرکے ایوان میں جانے سے روکا اور نعرے بازی بھی کی، جبکہ ایم پی اے میاں رؤف نے جلیل شرقپوری کےسر پر لوٹا رکھ دیا۔
ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری نے اس واقعے پر اسپیکر کو درخواست دیدی جس میں کہا گیا ہے کہ میاں رؤف اور دیگر نے ان کے ساتھ توہین آمیز رویہ اختیار کیا ہے۔
ن لیگی ارکان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرنے والے ارکان نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کی ہے۔