پنجاب کے ضلع گجرات میں 2 ماہ قبل 16 سالہ لڑکی کے اغواء کا مرکزی ملزم پولیس نے گرفتار کر لیا تاہم مغوی لڑکی تاحال بازیاب نہ ہوسکی۔
مغوی لڑکی کی والدہ نے سوشل میڈیا پر دیئے گئے اپنے ویڈیو بیان میں حکامِ بالا سے مدد کی اپیل کر دی۔
2 ماہ قبل اغواء کی جانے والی لڑکی کی والدہ نے سوشل میڈیا پر اپنے ویڈیو بیان میں حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ ان کی مغوی بیٹی کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے۔
پولیس ترجمان کے مطابق 4 اگست کو 16 سالہ سونیا کے والد فتح شیر نے تھانہ سول لائن میں درخواست دی تھی کہ ملزم نصیر احمد نے ان کی بیٹی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا کر اغواء کر لیا ہے۔
پولیس نے ملزم نصیر احمد کو گرفتار کر لیا ہے تاہم مغوی لڑکی تا حال بازیاب نہ ہو سکی۔
ڈی پی او عمر سلامت نے کیس میں سستی برتنے پر تفتیشی آفیسر کو معطل کر کے پولیس ٹیم کو مغوی لڑکی کو جلد از جلد بازیاب کرنے کا حکم دیا ہے۔