• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیکب آباد :بلدیہ ایڈ منسٹریٹر اور قابض مافیا میں اختلافات سنگین

جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد بلدیہ کے ایڈ منسٹریٹر ناصر عباسی اور قابض مافیا میں اختلافات شدت اختیار کر گئے ۔جس کے بعد بلدیہ ایڈمنسٹریٹر 15روز کی چھٹی پر روانہ ہو گئے ہیں جس کے بعدشہر گندگی کی لپیٹ میں آگیا ہے۔ قائد اعظم روڈ پر گندگی کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔ جسے چار روز سے صاف نہیں کیا گیا جبکہ اسٹیشن روذ پرسیوریج کا پانی تالاب کی صورت میں جمع ہو گیا ہے۔ سیوریج کا پانی جمع ہونے اور گندگی کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،بلدیہ ملازمین تین ماہ سے بجٹ میں بڑھائی گئی 10فیصد اضافی تنخواہ سے بھی محروم ہیں ۔ذرائع کے مطابق بلدیہ کے فیول کا بل 50لاکھ اور کانٹیجنس کا خرچ 30لاکھ دکھایا گیا ہے جس پر اعتراض کرتے ہوئے بلدیہ ایڈمنسٹریٹر نے دستخط سےانکار کر دیا جس کے بعد بلدیہ پر قابض لو گوں میں اختلافات شدید ہو گئے ہیں۔ قابض لو گوںکی جانب سے بلدیہ کے عملے کو روڈ نالوں کی صفائی سے روکنے کے ساتھ ساتھ ایڈ منسٹریٹر کے خلاف احتجاج کے لئے اکسایا جا رہا ہے اس سلسلے میں بلدیہ ایڈ منسٹریٹر و ا سسٹنٹ کمشنر ناصر عباسی نے رابطے پر بتایا کہ 15روز کے لئے 19اکتوبر تک میڈیکل لیو کی ہے۔

تازہ ترین