• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل کی قطر کو بھی امریکی F-35 طیارے فروخت کرنے کی مخالفت

مقبوضہ بیت المقدس (جنگ نیوز ) اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ امریکی F-35جنگی طیاروں کی قطرکو بھی فروخت کی مخالفت کرے گا تاکہ خطے میں اسرائیلی برتری برقرار رہے۔اس سے قبل یو اے ای نے بھی ان طیاروں کی خریداری کی خواہش ظاہر کی تھی تاہم اسرائیل نے اس وقت بھی اس کی مخالفت کی تھی ۔اسرائیل کی انٹیلی جنس کے وزیر ایلی کوہن نے اتوار کو اسرائیلی آرمی ریڈیو کو بتایا کہ اسرائیل کے لیے اس کی سلامتی اور خطے میں برتری اہم ترین ترجیحات ہیں اور وہ اس سلسلے میں قطر کو ان جنگی طیاروں کی فروخت کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطی سوئٹرزرلینڈ جیسا پرسکون خطہ نہیں اس لیے یہاں قومی سلامتی کی بہت اہمیت ہے۔برطانوی خبر رساں ایجنسی نے حال ہی میں ایک رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ قطر نے باضابطہ طور پر امریکہ سے F-35 جدید جنگی طیارے خریدنے کی درخواست کی ہے۔قطر کے علاوہ خطے کا ایک اور اہم ملک متحدہ عرب امارات بھی امریکہ سے F-35طیارے خریدنا چاہتا ہے۔

تازہ ترین