لاہور(جنگ نیوز) موٹروے ریپ کیس کا مرکزی ملزم عابد ایک ماہ تک فرار رہنے کے بعد لاہور کے قریب مانگا منڈی سے گرفتار ہوگیا، عابد نے پولیس کے فراہم کردہ نمبر اور فون پر اہلیہ سے رابطہ کیا تھا جب وہ اپنی اہلیہ سے ملنے آیا تو پولیس کے سادہ لباس اہلکاروں نےاسے دھر لیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ موٹروے ریپ کیس کے مرکزی ملزم عابد کو لاہور کے قریب مانگا منڈی سے گرفتار کیا گیا ہے،اس کیس میں شریک دوسرا ملزم شفقت پہلے ہی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے، دونوں ملزمان نے لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر ڈکیتی کے بعد خاتون سے اس کے بچوں کے سامنے اجتماعی زیادتی کی تھی،ملزم عابد کو گرفتار کرکے لاہور منتقل کیا جارہا ہے اور اس کا دوبارہ ڈی این اے کیا جائے گا،اس سے قبل 4 مرتبہ قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور فورٹ عباس میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عابد کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا تاہم آج اسے پکڑ لیا گیا۔