• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق کرکٹر ثقلین مشتاق کو شرط ہارنے پر کیا سزا ملی؟

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق اپنی شرط ہار گئے جس کے بعد اہلیہ کی جانب سے اُنہیں کھانا پکانے کی انوکھی سزا دی گئی ہے۔

گزشتہ روز سابق کرکٹر ثقلین مشتاق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک دلچسپ تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنی اہلیہ سے شرط لگائی تھی کہ اس تصویر پر 5 ہزار ری ٹوئٹس، 20 ہزار لائکس اور 10 ہزار کمنٹس لازمی آئیں گے لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ سابق کرکٹر شرط جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

اِس ضمن میں ثقلین مشتاق نے ٹوئٹر پر اپنے اُس ٹوئٹ کا اسکرین شارٹ شیئر کیا ہے جس پر اُنہوں نے اہلیہ سے شرط لگائی تھی۔

سابق کرکٹر کی جانب سے شیئر کیے جانے والے اسکرین شارٹ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اُن کی تصویر پر 7 ہزار سے زائد ری ٹوئٹس، 43ہزار سے زائد لائکس آئے ہیں جبکہ کمنٹس صرف 3 ہزار سے زائد آئے ہیں جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ اپنی شرط ہار چکے ہیں۔

ثقلین مشتاق نےاپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ سب کے تعاون کے لیے بے حد شکریہ۔‘

سابق کرکٹر نے شرط ہارنے پر دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ بہت افسوس کی بات ہے کہ میں شرط ہار گیا ہوں اور اب مجھے سزا کے طور پر ایک ہفتے تک کھانا پکانا پڑے گا۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز ثقلین مشتاق نے ایک انوکھی تصویر شیئر کی تھی جس میں وہ اپنی اہلیہ پر توپ سے وار کرتے نظر آرہے تھے۔

ٹوئٹر پر شیئر کی گئی تصویر میں ثقلین مشتاق کی اہلیہ کا چہرہ نظر نہیں آرہا تھا جبکہ تصویر میں دکھائی گئی توپ بھی نقلی تھی اور سابق کرکٹر ایسے اداکاری کر رہے تھے کہ جیسے وہ اس توپ سے اپنی اہلیہ پر وار کر رہے ہوں۔

ثقلین مشتاق نے ٹوئٹر پر تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ میں نے اپنی اہلیہ سے کہا تھا کہ اس تصویر پر 5 ہزار ری ٹوئٹس، 20 ہزار لائکس اور 10 ہزار کمنٹس لازمی آئیں گے۔

سابق کرکٹر نے لکھا تھا کہ اب دیکھنا یہ ہے کہ میں یہ شرط جیتتا ہوں یا ہار جاؤں گا۔

تازہ ترین