لاہور (این این آئی، جنگ نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نوازنے کہاہے کہ حکومت گوجرانوالہ جلسے سے خوفزدہ ہو گئی ہے 16اکتوبر کو ہر صورت جلسہ ہوگا اس لئے بھرپور تیاریاں کی جائیں، ذرائع کے مطابق مریم نواز نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ گرفتاری سے بچیں اور 15 اکتوبر کو گھروں پر نہ سوئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ووٹ کو عزت دو پاسبان بننے والے پی پی 162 کے کارکنان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔مریم نواز نے کہا کہ پاسبان رضا کار جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے لوگوں کو ساتھ ملائیں،حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر عوام کو حقائق دکھائیں۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز نے پاسبان رضا کاروں کو ممکنہ گرفتاریوں سے بچنے کی ہدایت کی ۔