• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیسٹ کرکٹر ناصر جمشید کو انگلینڈ سے جلاوطن کیے جانے کا امکان

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اسپاٹ فکسنگ کیس میں برطانیہ کے جیل میں سزا کاٹنے والے پاکستان کے ٹیسٹ اوپنر ناصر جمشید کو انگلینڈ سے جلاوطن کیے جانے کا امکان ہے، انہیں برطانوی حکام ضمانت ملتے ہی پاکستان ڈی پورٹ کر دیں گے۔

ناصر کی اہلیہ ڈاکٹر سمرا افضل برطانوی شہری ہیں اور وہ اپنی اہلیہ کی وجہ سے ویزے پر برطانیہ میں تھے۔ان کے برطانیہ کے ویزے کی تجدید فروری 2019میں ہونا تھی، کیس کی وجہ سے ویزے کی تجدید نہیں ہوسکی تھی۔

برطانوی قوانین کے مطابق چوں کہ وہ اپنے جرم کا اعتراف کر چکے ہیں اس لئے انہیں رہائی کے ساتھ ڈی پورٹ کردیا جائے گا اور وہ پاکستان میں رہ کر بر طانوی قوانین کے مطابق اپنا کیس لڑیں گے۔

برطانوی قانون کے مطابق اگر کسی غیر برطانوی کو ایک سال سے زیادہ سزا ہوتی ہے تو اسے سزا مکمل ہوتے ہی برطانیہ چھوڑنا پڑتا ہے۔غیر ملکی کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق ناصر جمشید انگلینڈ میں جیل میں ہیں اور وہ21 اکتوبر کو ضمانت پر رہائی کیلئے درخواست دیں گے ۔ ناصر جمشید کو بی پی ایل اور پی ایس ایل میچوں میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے پر 17 ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

ناصر جمشید سے روابط پر تین پاکستانی کرکٹرز شرجیل خان ،شاہ زیب حسن اور خالد لطیف کو سزا ہوچکی ہے۔شرجیل سزا پوری کرنے کے بعد کرکٹ کھیل رہے ہیں ۔

اینٹی کرپشن ٹریبونل نے ناصر جمشید پر دس سال کی پابندی بھی عائد کی ہےبرمنگھم میں ناصر جمشید اپنی اہلیہ اور بیٹی کے ساتھ رہائش پذیر تھے۔ناصر کی اہلیہ سوشل میڈیا پر متحرک ہیں اور اکثر وہ اپنی زندگی کے تلخ لمحات کا تذکرہ کرتی ہیں۔

تازہ ترین