کراچی(این این آئی) ٹک ٹاک پرپابندی کے فیصلے کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ،عدالت میں درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے 15اکتوبرتک نوٹس جاری کردیئے۔ دراخوست میں کہا گیا ہے کہ چند لوگ ایپ کا غلط استعمال کررہے ہیں، انکی آئی ڈی بلاک کی جائے۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں ٹک ٹاک پرپابندی کے خلاف درخواست دائر کردی گئی، ٹک ٹاکر منیب احمد نے پابندی کے فیصلے کو چیلنج کیا۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ 2 کروڑ سے زائد لوگ ٹک ٹاک ایپ کواستعمال کرتے ہیں، چند لوگ ایپ کا غلط استعمال کررہے ہیں، ان کی آئی ڈی بلاک کی جائے، تمام لوگوں کے اکائونٹ بند کرنا ٹھیک نہیں ہے۔سندھ ہائی کورٹ نے ٹک ٹاک پرپابندی کے خلاف درخواست 15اکتوبر کو سماعت کیلئے منظور کرلی۔واضح رہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے چین کی مشہورویڈیوشیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کردی تھی اور کہا تھا کہ غیراخلاقی مواد روکنے کا موثر میکنزم نہ بنانے پر ٹک ٹاک موبائل ایپلی کیشن کو تمام نیٹ ورک پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔