• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

جزائر بنڈل آئی لینڈ: وفاق اور سندھ میں شدید اختلاف

حزب اختلاف نے حکومت کے خلاف فائنل راؤنڈ کھیلنے کا اعلان کردیا ہے۔ گوجرانوالہ جلسے کے بعد کراچی میں مزارقائدکے قریب وسیع وعریض گراؤنڈ میں جلسے کے انتظامات جاری ہیں۔ کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی کے سعید غنی، مسلم لیگ(ن) کے شاہ محمدشاہ، اے این پی کے اورنگزیب خان ،میب کے عبداللہ جان، جے یو پی کے محمدغوث صابری، پی پی پی کے وقار مہدی ، جے یو آئی کے اسلم غوری نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) 18؍اکتوبر کو کراچی میں ہونے والا جلسہ اس نالائق، نااہل اور سلیکٹڈ حکومت کے خلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا۔ اس ملک کا سب سے بڑا کورونا عمران خان ہیں اور جب تک یہ اس ملک میں ہیں اس ملک سے کورونا کا خاتمہ ممکن نہیں۔ 

سوشل میڈیا اور ٹک ٹاک پر بننے والی پی ٹی آئی آج انہی پر پابندی لگارہی ہے۔ پی ڈی ایم کے جلسوں اور ریلیوں کے اعلان کے بعد حکومتی ایوانوں میں زلزلے آنا شروع ہوگئے ہیں ۔ عمران نیازی کے اب جانےکا حتمی فیصلہ ہوچکا ہے، اسی لیے وہ اور ان کے وزراء دماغی توازن کھو بیٹھے ہیں۔جلسے کی تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے اس ضمن میں پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر و وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی ، پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی، جاوید ناگوری، نجمی عالم، سردار شاہ اور دیگر نے باغ جناح کا دورہ کیا۔

ان رہنماؤں نے 18؍اکتوبر کو سانحہ کارساز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے حوالے سے منعقدہ جلسہ عام کے حوالے سے گراؤنڈ میں تیاری جائزہ لیا،سعید غنی نے کہاکہ 18؍اکتوبر کو سانحہ کار ساز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ پی ڈی ایم کے تحت بھی جلسہ منعقد ہوگا.اس جلسے میں متحدہ اپوزیشن کے الائنس پی ڈی ایم کے تمام مرکزی قائدین شرکت کریں گے۔ 

جلسہ عام کے حوالے سے گذشتہ روز تمام جماعتوں سے مشاورت کے بعد مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ کراچی کا 18؍اکتوبر کو ہونے والا جلسہ ملکی تاریخ میں تاریخی جلسہ ہوگا۔ یہ جلسہ موجودہ نااہل، نالائق اور سلیکٹڈ وزیراعظم اور ان کی نالائق حکومت کے خلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا۔ 18؍اکتوبر کے جلسہ عام سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، مولانا فضل الرحمٰن، مریم نواز صاحبہ سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان خطاب کریں گے۔

اس جلسے کی میزبانی پی پی پی کررہی ہے یہ جلسہ پی ڈی ایم کی عوامی قوت کا امتحان بھی ہوگا اس ضمن میں پی ڈی ایم سکھر، لاڑکانہ میں بھی جلسے منعقد کرے گی۔ اپوزیشن کی تحریک کے سلسلے میں پی پی پی کے چیئرمین بلاو ل بھٹو کا کہنا ہے کہ حکومت کو پی ڈی ایم کےذریعے ختم کریں گے۔ دوسری جانب سندھ اور وفاق کے درمیان پورٹ قاسم کے قریب جزائر بنڈل آئی لینڈ کے معاملے پر شدید اختلافات پیدا ہوگئے بنڈل اور بنڈونامی دو جزائر کا ذکر پہلی بار مشرف دور میں اس وقت آیا جب بحری امور کے وزیر بابرغوری نے ان جزائر پر شہر بسانے کا منصوبہ ظاہر کیا۔ 

اس ضمن میں بعض عرب ممالک سے ابتدائی بات چیت بھی ہوگئی تھی تاہم اس وقت بھی سندھ حکومت کی جانب سے شدیدردعمل آیا تھا اس بار بھی سندھ نے ان جزیروں کو اپنی ملکیت قرار دیتے ہوئے شدید ردعمل کا مظاہرہ کیا ہے اس ضمن میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جزائر کے متعلق صدارتی آرڈیننس فی الفور واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ موجودہ صورتحال میں ہم اس معاملے پر وفاقی حکومت سے مزید کوئی بات نہیں کریں گے۔ 

رات کے اندھیرے میں صدارتی آرڈیننس جاری کرکے جزائر پر قبضہ کیا جارہا ہے۔ کل اس طرح شہروں پر بھی قبضہ کرلیا جائے گا۔سندھ کے جزائر سے متعلق وفاقی آرڈیننس کے خلاف سندھ ترقی پسند پارٹی کی اپیل پرہزاروں افراد نے گورنر ہائوس کے قریب دھرنادیا۔ ڈاکٹر قادر مگسی نے 14 اکتوبر کو سندھ بھر میںہڑتال کرنے اور کاروبار بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔ احتجاجی دھرنے میں تمام قوم پرست پارٹیوں کے رہنمائوں، ادیبوں، دانشوروں اور سول سوسائٹی کے کارکنوں نے شرکت کی۔ مظاہرین شاہراہ فیصل سے ریلی کی صورت میں گورنر ہائوس کے قریب فوارہ چوک پر پہنچے جہاں پر تین گھنٹے تک دھرنا دے کر بیٹھ گئے۔ 

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ سندھ چھہ کروڑ سندھیوں کی ماں ہے اور ماں کے خلاف کسی بھی قسم کی سازش کو قبول نہیں کریں گے۔ اسلام آباد سندھ پر قبضے کی نیت رکھتا ہے صدر مملکت عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان اور گورنر عمران اسماعیل کو یہ بات سمجھ میں نہیں آ رہی کہ وہ عالمی سازشوں کا شکار بن کر سندھ کے ساتھ دشمنی کر رہےہیں اس لئے ہم آج سے ان کو سندھ دشمن قرار دیتے ہیں جو سندھ سے دشمنی کریں گے سندھ کے بیٹے ان کے خلاف سینہ سپر ہوکر لڑتے رہیں گے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔جبکہ وزیراعظم عمران خان نے گورنرسندھ کو بنڈل جزیرہ سے متعلق ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ سندھ حکومت سے معاملات طے کریں۔ 

گورنرسندھ عمران اسماعیل نے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ اس دوران وزیراعظم نے کہاکہ بنڈل آئی لینڈ منصوبے سے سرمایہ کاری اور روزگار کے خاطرخواہ مواقع میسر ہوں گے۔ بعدازاں گورنرسندھ عمران اسماعیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ سندھ کا بنڈل آئی لینڈ دبئی کو بھی پیچھے چھوڑ دے گا۔ جزیرہ سندھ کا حصہ رہے گا اوربنڈل آئی لینڈ سے ہونے والی آمدنی سندھ حکومت کوجائے گی اور اس حوالے سے صوبائی حکومت کے تحفظات دور کریں گے۔ 

وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہاکہ وزیراعظم ملک میں دو نئے شہرآباد کرنا چاہتے ہیں۔ پنجاب میں راوی سٹی کی طرح سندھ میں بھی بنڈل آئی لینڈ کے نام سے ایک نیاشہر آباد کرنے جارہے ہیں جو کہ مکمل طور پر جدید سہولیات سے آراستہ اور جامع ماسٹرپلان کے تحت ہوگا، اس منصوبے کا فائدہ سندھ کے عوام کو ہوگا اور 50 ارب  ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری آئے گی۔جس سے ملک معاشی طور پر خوشحال ہوگا۔

تازہ ترین
تازہ ترین