بھارتی ہیرو سلمان خان نے بیمار اداکار و ماڈل فراز خان کے اسپتال کے بل ادا کر کے دل جیت لیے ہیں۔
خیراتی ادارے ’بینگ ہیومن فاؤنڈیشن‘ کے سربراہ سلمان خان نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ بے سہارا، لاچار اور ضرورت مندوں کا دل میں کتنا دُکھ درد رکھتے ہیں۔
بھارتی ویب سائٹ ’ ٹائمز آف انڈیا ‘ کے مطابق بیمار اداکار فراز خان کے بھائی فہد نے میڈیا کو بتایا ہے کہ’سلمان خان نے اُن کے بھائی فراز خان کے علاج میں آنے والے اخراجات سے متعلق سارے بل ادا کر دیئے ہیں۔‘
فہد خان نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ ’اُن کا بھائی فراز خان کئی عرصے سے کئی بیماریوں میں مبتلا ہے، انہوں نے اپنے بھائی کی بیماری سے متعلق ایک فنڈ ریزنگ مہم کا آغاز کیا تھا جس کی بھارتی فلمساز پوجا بھٹ کی جانب سے تشہیر کی گئی۔‘
فہد خان نے مزید بتایا کہ’سلمان خان کا یہ درد مندانہ اقدام اُن کے لیے بہت احسن ثابت ہوا ہے، سلمان خان خود آئے اور اسپتال کے بل ادا کیے اور اُن سے 10 منٹ تک بات بھی کی، اس دوران انہوں نے فراز خان کی بیماری سمیت اُن کے والد (اداکار یوسف خان) سے متعلق بھی باتیں کیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’اُنہیں سلمان خان نے یہ بھی کہا کہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے وہ اسپتال انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’فراز وبا کے خاتمے کے بعد اپنا علاج کروانے کا سوچ رہا تھا مگر حالت زیادہ بگڑنے پر اُسے اسپتال میں داخل ہونا پڑا، فراز خان کی اسپتال میں اب بہتر طریقے سے دیکھ بھال ہو رہی ہے جیسی ہونی چاہئے۔‘
فہد خان نے اپنے بھائی فراز خان سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اداکاری کے علاوہ فراز اپنا کیریئر میوزک انڈسٹری میں اور ’ہورٹی کلچر‘ میں بنانے کے لیے محنت کر رہا تھا، فراز بونسائی پلانٹس پر بھی مزید کام کرنا چاہتا ہے مگر اُس کی بیماری اُس کے ارادوں کے آڑے آ رہی ہے۔‘