آپ آف لائن ہیں
ہفتہ13؍ربیع الاوّل 1442ھ31؍اکتوبر2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

کرکٹرز کی دماغی صحت کے ایشوز کا خدشہ ہے، وقار یونس


قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے کھلاڑیوں کی دماغی صحت کے ایشوز کا خدشہ ظاہر کر تے ہوئے کہا کہ بائیو سیکور ببل میں کھیلنا آسان نہیں ہے ، کوویڈ 19 لمبا وقت لے گیا تو کھلاڑیوں کے لیے مسائل پیدا ہوں گے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ ہمارے کرکٹرز نے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ بائیو سیکور ببل میں کھیلی ہے اور ابھی اس حوالے سے کوئی چیز سامنے نہیں آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ دماغی صحت کے مسائل پیدا نہیں ہوسکتے، مسائل پیدا ہو سکتے ہیں کیونکہ آئسولیشن میں رہنا اور کراوڈ کا نہ ہونا مسائل پیدا کر سکتا ہے۔

‏وقار یونس نے کہا کہ یہ صرف پاکستان اور انگلینڈ کا مسئلہ نہیں ہے ، سب دنیا کا مسئلہ ہے ، انگلینڈ جانے سے قبل حارث سہیل نے جانے سے منع کر دیا جبکہ وہ ٹیسٹ ٹیم میں شامل تھے ، ایسا نہیں ہے کہ وہ باصلاحیت نہیں ہیں ، مگر انہوں نے موجودہ صورتحال میں انگلینڈ جانے سے منع کیا تو ان کے فیصلے کا احترام کیا گیا ۔


بولنگ کوچ نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اگر کوئی کھلاڑی دستبردار ہو نا چاہتا ہے تو اس کے فیصلے کو احترام دینا چاہیے، اسی طرح ابھی جوفرا آرچر نے اعلان کیا کہ وہ مزید بائیو سیکور ببل میں نہیں رہنا چاہتے تو سمجھ آتی ہے کہ انہوں نے ایسا کیوں کہا ہے۔

‏وقار یونس نے کہا کہ کرکٹ بورڈز ضرور اس حوالے سے سوچ بچار کر رہے ہوں گے کہ موجودہ صورتحال سے کیسے نبٹنا ہے اور اگر کوویڈ 19 طویل ہوتا ہے تو کیا حکمت عملی بنانی چاہیے، ایسا کرنا کھلاڑیوں کی دماغی صحت کے لیے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‏ کراوڈ کے نہ ہونے کے بھی اثرات ہیں ، یہ حکمت عملی بھی یقینی طور پر زیر غور ہو گی کہ اسٹیڈیمز میں کراؤڈ کو کیسے واپس لانا ہے ۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید