وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ نواز شریف کو سمجھ آگئی ہے کہ میرا سیاسی جنازہ پاکستان جانا ہے، نواز شریف کا لندن سے سیاسی جنازہ آئے گا، ان کی سیاست پاکستان میں نہیں آئے گی۔
لاہور میں میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت فوج کی بدولت ہے، کل 11 جماعتوں نے مل کر یہ نتیجہ دیا کہ بھارت میں بانیٔ ایم کیو ایم کو وہ کوریج نہیں ملی جو کل نواز شریف کو ملی، الطاف حسین نمبر ٹو کا نام نوازشریف ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف وہ کھیل کھیل رہے ہیں جو عالمی ایجنڈا ہے، اگر مسلم لیگ نون اداروں کے خلاف سیاست کرتی رہی تو اس پر پابندی لگنی چاہیے، پاکستان میں فوج کے بغیر سیاست نہیں ہو سکتی، نواز شریف پاگل ہو گئے ہیں، نواز شریف کی تقریر نہیں سن سکا، سو گیا تھا، ڈاکٹر کہتے ہیں کہ کورونا وائرس سے بیمار ہونے کے بعد 6 ماہ صحت مند ہونے میں لگتے ہیں، آج کل طبیعت ٹھیک نہیں دوا کھا رہا ہوں۔
وزیرِ ریلوے کا کہنا ہے کہ 3 وزراء پریس کانفرنس کے لیے لائن میں لگے ہیں، پہلے میں بات کروں گا، تینوں بعد میں میڈیا سے بات کریں گے، کل 11 پارٹیوں کو ملا کر جلسہ ہوا، کیا یہی رزلٹ آنا تھا، قمر جاوید باجوہ کو آپ کی پارٹی نے ایکسٹینشن دی، ایک ایک دن میں گیارہ گیارہ جوان شہید ہو رہے ہیں۔
شیخ رشید کا نواز شریف سے مخاطب ہو کر کہنا ہے کہ کل آپ کی تقریر بھارت میں دکھائی گئی، یہ ایک اشتہاری مجرم ہے، آپ کو احساس نہیں کہ آپ کیا کھیل رہے ہیں، وہی نواز شریف ہے جو میمو گیٹ میں زرداری کے خلاف کوٹ پہن کر گئے تھے۔
انہوں نے سوال کیا کہ کیا جلسوں سے حکومتیں جاتی ہیں؟ جلسوں سے جانا ہوتا تو ہم نے 126 دن جلسے کیے تھے، بے نظیر اور عمران خان کا لاہور میں جلسہ دیکھا ہے، عمران خان کے جلسے سے موازنہ کیا جائے تو کل کے جلسے کو فیل جلسہ قرار دیتا ہوں، اس بات کے واضح ثبوت ہیں کہ یہ اربوں روپے کا جلسہ تھا۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں نے 2 ملاقاتوں کا ذکر کیا تو مجھے فون کالوں کا طوفان آ گیا، شہزاد اکبر نے کہا کہ 2 نہیں 3 ملاقاتیں ہوئی ہیں، نواز شریف صاحب استنبول کی ملاقات کے واقف ہیں، 6 سے 15 فروری تک آپ کے لوگ آپ کو چھوڑ کر چلے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی یہی پالیسی رہی تو یہ نہ ہو کہ عمران خان اگلے 5 سال بھی لگا لے، اپوزیشن نے میڈیا کی بہت اچھی کوریج حاصل کی، نون لیگ اگر دشمنوں کے ایجنڈے پر چلے گی تو اس پر پابندی لگ سکتی ہے، نواز شریف جی ایچ کیو گیٹ نمبر 4 کی پیداوار ہیں، پاکستان کا کوئی آرمی چیف ایسا نہیں رہا جس سے انہوں نے ٹکراؤ نہ کیا ہو۔
وزیرِ ریلوے نے کہا کہ نواز شریف کھل کر سامنے آ گئے ہیں، نواز شریف میری جان یہاں آؤ یہاں آ کر چکی پیسو، اگر ان میں بہادری ہے تو باہر نکلیں، پاکستان آئیں، میرا یہی جلسہ ہے، میں اربوں روپے کہاں سے لاؤں، 27 دسمبر ان کے جلسوں کی آخری تاریخ ہے، نون لیگ ٹوٹ کر رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو پاکستان لانا چاہیے، عمران خان نہیں ڈرتا، اگر ڈرتا تو یہ حالات ہوتے؟ فضل الرحمٰن نے ان سے بدلہ لیا ہے، وہ مرہٹوں کے وقت کا میرا پیر بھائی ہے، کشمیر کی جدوجہدِ آزادی میں، میں نے حصہ ڈالا ہے، ایک سے دو ماہ میں آٹے اور چینی کی قیمتیں کم ہوں گی۔
شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ نواز شریف کھل کر سامنے آگئے، اب ان سے کھل کر سیاست ہوگی، وہ اشتہاری مجرم ہیں، اداروں میں تصادم چاہتے ہیں، نون ٹوٹ کر رہے گی، کو ئی وجہ نہیں کہ نون سے شین نہ نکلے، شہباز شریف میری پارٹی کا بندہ ہے، بہتر کھیل رہا ہے۔
وزیرِ ریلوے کا یہ بھی کہنا ہے کہ مزدور کا ٹیکنیکل الاؤنس بحال کر دیا ہے، تمام پنشن ہولڈرز کو ایک ہی دن 6 ارب 31 کروڑ دے دئیے جائیں گے، وزیرِ اعظم سے درخواست کروں گا کہ تمام ٹی ایل اے ملازمین کو مستقل کر دیا جائے۔